پاکستان کے اوپننگ بیٹر فخر زمان کی جلد مکمل فٹنس بحال ہونے کی امید ہے اور امکان ہے کہ وہ 9 ستمبر سے شروع ہونے والے ایشیا کپ سے قبل دستیاب ہوں گے۔
مقامی میڈیا رپورٹ کے مطابق اوپنر بیٹر فخر زمان کی انجری سنجیدہ نوعیت کی نہیں ہے اور ان کے جلد صحت یاب ہونے کی امید ہے۔
اوپنر بیٹر اس وقت امریکا سے وطن واپسی کے بعد دبئی میں ہیں اور توقع ہے کہ وہ آج رات وطن پہنچ جائیں گے۔
فخر زمان کا کہنا ہے کہ یہ معمولی چوٹ ہے اور اسے ٹھیک ہونے میں صرف 10 سے 15 دن لگیں گے۔
یہ پڑھیں: فخر زمان ہیمسٹرنگ انجری کا شکار، دورہ ویسٹ انڈیز سے باہر
امریکا کے لاڈ رہل میں ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹی 20 کے دوران وہ ہیمسٹرنگ انجری کا شکار ہوئے تھے، جس کی وجہ سے ون ڈے سیریز سے بھی باہر ہوگئے۔
اوپنر بیٹر لاہور میں نیشنل کرکٹ اکیڈمی (این سی اے) میں بحالی کے عمل سے گزریں گے۔
اس سے قبل وہ نیوزی لینڈ کے خلاف انجری کا شکار ہوکر آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں بھارت کے خلاف میچ سے باہر ہوگئے تھے، امام الحق کو ان کی جگہ شامل کیا گیا تھا۔
ایشیا کپ میں آٹھ ٹیمیں حصہ لیں گی جنہیں دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ گروپ اے میں پاکستان، بھارت، متحدہ عرب امارات اور عمان جبکہ گروپ بی میں بنگلہ دیش، سری لنکا، ہانگ کانگ اور افغانستان شامل ہیں۔
پاکستان کا میچ 12 ستمبر کو عمان کے خلاف دبئی میں شیڈول ہے، اس کے بعد 14 ستمبر کو بھارت کے ساتھ ٹاکرا ہوگا، اور 17 ستمبر کو متحدہ عرب امارات کے خلاف آخری گروپ مرحلے کا میچ ہوگا۔
ایشیا کپ سے قبل پاکستان شارجہ میں سہ ملکی ٹی 20 سیریز میں بھی شرکت کرے گا جس میں افغانستان اور متحدہ عرب امارات شامل ہیں جو 29 اگست سے 7 ستمبر تک شیڈول ہیں۔