مختلف ممالک کے درمیان ہونے والی جنگیں رکوانے کے دعویدار امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کہا ہے کہ روس یوکرین جنگ بندی کرانے کے بہت قریب پہنچ چکے ہیں۔
واشنگٹن میں آذربائیجان اور آرمینیا کے سربراہان کے ساتھ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے روس یوکرین جنگ بندی سے متعلق بھی بات چیت کی۔
امریکی صدر کا کہنا تھا کہ روس یوکرین جنگ میں ہر ہفتے 7ہزار فوجی مارے جارہے ہیں، ہم روس یوکرین جنگ بندی کرانے کے بہت قریب پہنچ چکے ہیں۔
صدر ٹرمپ نے بتایا کہ روس اور یوکرین کے صدور سے جلد ملاقات ہونے والی ہے اس سے قبل روسی صدر پیوٹن کے ساتھ اہم ملاقات ہوگی، روسی صدر پیوٹن سے کب اور کہاں ملاقات ہوگی میڈیا کو اس سے متعلق تفصیلات سے جلد آگاہ کریں گے۔
ٹرمپ کیلیے امن نوبل انعام کی تجویز
علاوہ ازیں پریس کانفرنس کے موقع پر ان کے ہمراہ موجود آرمینیا کے وزیراعظم اور آذربائیجان کے صدر نے ڈونلڈ ٹرمپ کو امن نوبل انعام دینے کی تجویز دے دی۔
وزیراعظم آرمینیا کا کہنا تھا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ امن نوبل انعام کے حق دار ہیں، امن کیلیے ان کی خدمات قابل قدر ہیں۔
صدرآذربائیجان نے کہا کہ صدر ٹرمپ امن نوبل انعام کے اصل حقدار ہیں، ان کو امن نوبل انعام دینے کے لیے نوبل کمیٹی کو خط لکھیں گے۔ صدر ٹرمپ نے گزشتہ 6 ماہ میں امن کے لیے معجزے کیے ہیں۔