گلگت بلتستان کے شیشپر گلیشیئر سے آنے والے سیلابی ریلے نے تباہی مچا دی

گلگت بلتستان کے شیشپر گلیشیئر سے آنے والے سیلابی ریلے نے تباہی مچا دی

گلگت: گلگت بلتستان کے شیشپر گلیشیئر سے آنے والے سیلابی ریلے نے تباہی مچا دی، مٹی کا تودہ گرنے سے دو افراد جاں بحق ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق گلگت بلتستان کے شیشپر گلیشیئر سے آنے والے سیلابی ریلے نے حسن آباد میں تباہی مچا دی۔

گلیشیئر کے مسلسل پگھلنے سے دریائے ہنزہ میں پانی کی سطح بلند ہو گئی، جس کے نتیجے میں دریائی کٹاؤ سے متعدد مکانات تباہ اور کئی ایکڑ زرعی زمین زیر آب آ گئی۔

گلگت میں فیری میڈوز ٹریک کی بحالی کے دوران مٹی کا تودہ گرنے سے دو افراد جاں بحق اور دو زخمی ہو گئے تاہم زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

ترجمان گلگت بلتستان حکومت فیض اللہ فراق کے مطابق حالیہ سیلاب کے دوران مختلف حادثات میں مجموعی طور پر پندرہ افراد جاں بحق ہوئے۔ دریائی کٹاؤ اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث بند ہونے والی شاہراہ قراقرم کی بحالی کا کام تیزی سے جاری ہے۔

موسم کی صورتحال کے حوالے سے محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں گرمی اور حبس برقرار رہے گا جبکہ پنجاب، خیبر پختونخوا، اسلام آباد، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔