ٹرمپ کا خوف، بھارت روس سے تیل کی خریداری کم کرنے پر تیار

امریکا بھارت

بھارت کے خلاف ٹرمپ کے ٹیرف اقدامات کے باعث بھارت روس سے تیل کی خریداری کم کرنے پر تیار ہوگیا۔

غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق بھارت نے امریکا کو روس سے تیل کی خریداری میں کمی کا اشارہ بھی دے دیا۔

خبر ایجنسی کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ بھارت نے امریکا سے ہتھیار خریدنے کا منصوبہ فی الحال روک دیا ہے، کیونکہ بھارت امریکی اسلحے کی خریداری پر دوبارہ بات سے پہلے ٹیرف پر وضاحت کا منتظر ہے۔

علاوہ ازیں بھارتی وزیر دفاع نے امریکا کا طے شدہ دورہ بھی منسوخ کر دیا۔

دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بھارت پر مزید ٹیرف لگانے کے بعد بھارتی کاروباری دنیا میں پلچل مچی ہوئی ہے، بھارتی اسٹاک مارکیٹ میں شیئرز شدید مندی کا شکار ہیں۔

غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق بمبئی اسٹاک ایکسچینج سینسیکس میں شدید مندی کا رجحان دیکھا جارہا ہے، جو 240 پوائنٹس کم ہو کر 80 ہزار 303 پر آچکا ہے۔

رپورٹس کے مطابق بی ایس ایکس کے اگست میں سینسیکس کی گراوٹ ایک ہزار 399 پوائنٹس ہو چکی ہے۔

اسٹاک مارکیٹ میں مندی سے بھارتی اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کے اربوں روپے ڈوب چکے ہیں، موجودہ معاشی صورتحال پر بھارتی سرمایہ کار سر پکڑ کر بیٹھ گئے۔

پاک امریکا تعلقات سے بھارت کو پریشانی کا سامنا ہے، بلومبرگ

واضح رہے کہ ٹرمپ نے بھارت پر مزید 25 فیصد ٹیرف لگا دیا ہے، جس کے بعد بھارت پر مجموعی امریکی ٹیرف 50 فیصد ہوگیا۔