کراچی میں مشتعل افراد نے 7 ڈمپروں کو آگ لگا دی، 10 شہری گرفتار

ڈمپر کراچی راشد منہاس روڈ

کراچی (10 اگست 2025): شہر قائد کے علاقے فیڈرل بی ایریا میں راشد منہاس روڈ پر تیز رفتار ڈمپر سے بہن بھائی کے جاں بحق ہونے کے بعد مشتعل افراد نے 7 ڈمپر جلا دیے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے فیڈرل بی ایریا میں راشد منہاس روڈ پر تیز رفتار ڈمپر نے موٹر سائیکل کو روند ڈالا، ڈمپر کی ٹکر سے بہن بھائی جاں بحق اور باپ شدید زخمی ہو گیا، جاں بحق ہونے والوں میں 22 سال کی ماہ نور اور 14 سال کا احمد رضا شامل ہیں۔

حادثے کے بعد مشتعل افراد نے علاقے میں 7 ڈمپرز جلا دیے، پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری نے جائے حادثہ پر پہنچ کر صورت حال پر قابو پایا، ایس ایس پی گلبرگ کے مطابق ڈمپر ڈرائیور کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

پولیس نے ہنگامہ آرائی اور ڈمپر جلانے والے 10 مشتبہ شہریوں کو موقع سے گرفتار کر کے تھانے منتقل کر دیا ہے، اور کہا ہے کہ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج اور ویڈیوز کی مدد سے مزید گرفتاریاں بھی عمل میں لائی جائیں گی۔


ڈمپر نے موٹر سائیکل سوار بہن بھائی کو کچل ڈالا


ڈمپرز ایسوسی ایشن کے عہدے داروں نے سپر ہائی وے پر دھرنا دے دیا ہے، رہنما لیاقت محسود نے کہا کہ ان کی 7 نہیں 9 گاڑیوں کو نقصان پہنچایا گیا ہے، ملزمان کی گرفتاری تک سپر ہائی وے سے نہیں جائیں گے۔

ادھر ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ بد قسمت باپ اپنے بچوں کو شادی کی تقریب میں ملیر لے کر گیا تھا، واپس گھر نیو کراچی جاتے ہوئے ٹریفک حادثہ پیش آیا۔