امریکا کیساتھ تعلقات میں کوئی دوست ناراض نہیں، وفاقی ویر

امریکا کیساتھ تعلقات میں کوئی دوست ناراض نہیں، رانا تنویر حسین

مریدکے (10 اگست 2025): وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ رانا تنویر حسین کا کہنا ہے کہ امریکا کے ساتھ تعلقات میں کوئی دوست ناراض نہیں۔

رانا تنویر حسین نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ امریکا سے تاریخ میں پہلی مرتبہ ہمارے قریبی تعلقات ہوئے ہیں، واشنگٹن نے بھارت کو چھوڑ دیا ہے اور ہمیں دنیا میں بہت بہتر ٹیرف ملا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاک امریکا تعلقات بہتری کی جانب گامزن ہیں، امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم

وفاقی وزیر نے کہا کہ پی ٹی آئی یوم استحصال کے بعد اب جشن آزادی پر احتجاج کر رہی ہے، قوم پی ٹی آئی کی حرکتیں دیکھ رہی ہے کوئی انہیں سمجھائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ گوادر میں سلاٹر ہاؤس صاف ستھرا ہے وہاں گدھوں کے گوشت کی اجازت ہے، گدھے کا گوشت 8 ہزار روپے کلو ہے یہاں کون خریدے گا؟

ان کا کہنا تھا کہ چینی کا کوئی بحران یا ایشو نہیں 173 روپے کلو مل رہی ہے۔

پاک امریکا تعلقات پر بلومبرگ کی رپورٹ

معروف امریکی جریدے بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کے حق میں امریکی جھکاؤ سے نئی دہلی بوکھلاہٹ کا شکار ہے جبکہ امریکا سے نئے تعلقات کے بعد پاکستانی قیادت کا اعتماد مزید بڑھ گیا۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ پاکستان ڈونلڈ ٹرمپ کا پسندیدہ ملک بنا ہوا ہے جبکہ بھارت کو دباؤ کاسامنا ہے، پاکستان نے ٹرمپ کے سامنے اپنے پتے بہترین طریقے سے استعمال کیے ہیں۔

امریکا اور پاکستان کے درمیان کسی مسئلے کے بغیر آسانی سے تجارتی معاہدہ طے پایا، پاکستان کے برعکس بھارت کو رکاوٹوں کا سامنا کرنا پڑا۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان صدر ٹرمپ کے دور میں امریکی تجارتی معاہدہ کرنے والے چند ممالک میں شامل ہے۔

پاکستان اور امریکا کے مابین تیل اور دیگر معدنیات کے مشترکہ منصوبوں پر بات چیت ہوئی، ورلڈ لبرٹی فنانشل کا پاکستان میں کرپٹو کرنسی معاہدہ طے پایا۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر کی وائٹ ہاؤس میں ٹرمپ سے اہم ملاقات ہوئی، امریکا کے ساتھ یہ نئی گرم جوشی پاکستان کے لیے ایک بڑی کامیابی ہے، پاکستان اور امریکا کے بڑھتے تعلقات سے بھارت کو پریشانی کا سامنا ہے۔