ہونہار اسکالر شپ پروگرام: طلبا کیلئے بڑی خوشخبری

ہونہار اسکالر شپ پروگرام: طلبا کیلئے بڑی خوشخبری

لاہور(10 اگست 2025): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے طلبا کیلئے ہونہار اسکالر شپ پروگرام کے دوسرے مرحلے کا اعلان کردیا۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پیغام میں کہا کہ آپ کے خواب پنجاب کے مستقبل کی دھڑکن ہیں اور اس پروگرام کے ذریعے 80 ہزار نوجوان ذہنوں کو آگے بڑھنے کے پروں سے نوازا گیا ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ ان 80 ہزار میں سے 50 ہزار طلبا پہلے ہی اپنی اسکالرشپس وصول کر رہے ہیں تاہم اب ہونہار اسکالر شپ کے اگلے مرحلے کیلئے پورٹل کھل چکا ہے۔

’ہونہار اسکالر شپ پروگرام‘ میں شامل ہونے کا آسان طریقہ

وزیراعلیٰ پنجاب نے پیغام میں مزید کہا کہ یقین کے ساتھ درخواست دیں اور جذبے کیساتھ پڑھائی کریں، آپ کی کامیابی ہمیشہ میرا سب سے بڑا فخر رہے گی۔

ہونہار اسکالر شپ پروگرام کا مقصد پورے خطے کے طلبا کو مالی مدد فراہم کرنا ہے، اگر آپ تعلیمی اہداف کو حاصل کرنے کے خواہاں ہیں تو ہونہار اسکالر شپ اسکیم آپ کے تعلیمی سفر میں مدد کرے گی، اس اقدام کا مقصد نوجوانوں کو اعلیٰ تعلیم تک رسائی دینا اور ان کا مستقبل روشن کرنا ہے۔

یاد رہے کہ صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے پہلے مرحلے میں کہا تھا کہ ہونہار اسکالر شپ پروگرام کا بجٹ 130 بلین روپے ہے جس کے تحت طلبا کی مدد کی جائے گی اور نوجوان نسل کو بااختیار بنایا جائے گا۔