مچھروں سے پھیلنے والی بیماریوں کا خطرہ ، ایڈوائزری جاری

مچھروں سے پھیلنے والی بیماریوں کا خطرہ ، ایڈوائزری جاری

اسلام آباد : مون سون میں مچھروں اور کیڑے مکوڑوں سے بیماریوں کے پھیلاو کے خدشے کے پیش نظر ایڈوائزری جاری کردی گئی۔

تفصیلات کے مطابق نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے مون سون کے دوران مچھروں اور موسمی کیڑوں سے پھیلنے والی بیماریوں کے خدشے کے پیش نظر ایڈوائزری جاری کردی۔

ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ مچھر اور دیگر موسمی کیڑے مہلک بیماریوں کے وائرس پھیلانے کا باعث بنتے ہیں، جن کے کاٹنے سے ڈینگی، زرد بخار، ملیریا اور چکن گونیا کے کیسز میں اضافہ ہوسکتا ہے۔

این ڈی ایم اے کا کہنا تھا کہ موسمی کیڑوں کے کاٹنے سے پھیلنے والی بیماریوں سے ہر سال دنیا بھر میں دس لاکھ سے زائد افراد موت کا شکار ہوتے ہیں۔

اتھارٹی نے بیماریوں سے بچاؤ کے لیے عوام کو ہدایت کی ہے کہ گھروں اور اردگرد بارش کا پانی جمع نہ ہونے دیں، پانی کے برتن، ٹینکیاں اور گملے خشک رکھیں، مچھروں سے بچاؤ کے لیے مچھر دانی اور ریپلنٹ کا استعمال کریں اور بخار، جسم درد یا سر درد کی صورت میں فوری طبی مشورہ حاصل کریں۔

ایڈوائزری میں مزید کہا گیا ہے کہ ویکٹر کے پھیلاؤ والے ہائی رسک علاقوں کی نشاندہی اور صفائی ستھرائی سے ان بیماریوں پر قابو پایا جا سکتا ہے۔