کراچی (11 اگست 2025): پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) کا پیرس میں ایک طیارہ گراؤنڈ ہونے سے قومی ایئر لائن کو ہزاروں ڈالر کے نقصان کا سامنا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پیرس میں پی آئی اے کے طیارے میں فنی خرابی آ گئی تھی، جس پر طیارہ گراؤنڈ کرنا پڑا، 4 روز گزرنے کے باوجود طیارے کی فنی خرابی دور نہیں کی جا سکی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ بوئنگ 777 طیارے کے ایک انجن میں فنی خرابی پیدا ہوئی تھی، جس کے باعث طیارے کو پیرس ایئر پورٹ پر گراؤنڈ کر دیا گیا تھا، طیارہ گراؤنڈ ہونے کی وجہ سے پیرس سے لاہور اور اسلام آباد کی پروازوں کا شیڈول بری طرح متاثر ہو گیا ہے، ہزاروں ڈالر کے نقصان کے علاوہ پاکستان جانے والے مسافروں کو بھی شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق پی آئی اے کی پرواز پی کے 749 اسلام آباد سے 20 گھنٹے کی تاخیر کے بعد پیرس کے لیے روانہ ہو سکی، انتظامیہ کا کہنا ہے کہ پرواز میں گراؤنڈ ہونے والے طیارے کے پرزہ جات اور ضروری سامان روانہ کیا گیا ہے، طیارے کی مرمت کے بعد پیرس سے لاہور کے لیے پرواز پی کے 734 کو آج رات روانہ کیا جائے گا۔
متاثر ہونے والا فلائٹ شیڈول
قومی ایئر لائن کے طیاروں میں فنی خرابی کے باعث بین الاقوامی فلائٹ شیڈول بری طرح متاثر ہو چکا ہے، اور متعدد پروازوں میں تاخیر ہو رہی ہے، قومی ایئر لائن کی لاہور دبئی کی 2 پروازیں پی کے 203، 204 منسوخ کر دی گئی ہیں، اسلام اباد کوالالمپور کی پرواز پی کے 894 میں 8 گھنٹے کی تاخیر ہے۔
کراچی میں جدید طرز کا ریلوے اسٹیشن 10 ستمبر کو افتتاح کے لیے تیار ہو جائے گا
قومی ایئر لائن کے ترجمان نے کہا ہے کہ پیرس میں بوئنگ 777 طیارہ خراب ہونے کی وجہ سے شیڈول متاثر ہوا ہے، کراچی ایئرپورٹ کی آمد اور روانگی کی کئی پروازوں میں تاخیر رپورٹ کی گئی ہے، کراچی گوادر تربت سکھر کی 6 پروازوں کی روانگی میں چار تک گھنٹوں کی تاخیر ہوئی۔
کراچی سے تربت کی قومی ایئر کی پرواز پی کے 501 کی روانگی شام 4 بجے متوقع ہے، کراچی سے سکھر کی پرواز پی کے 536 کی روانگی میں پونے تین گھنٹے تاخیر ہے، کراچی لاہور کی پرواز پی ایف 142 کی روانگی میں 6 گھنٹے تاخیر ہے، اسلام آباد جدہ کی پرواز 801 کی روانگی میں 8 گھنٹے تاخیر کر دی گئی ہے۔