ٹرینیڈاڈ(11 اگست 2025): پاکستان ون ڈے کرکٹ ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف پاکستان کی شکست کی وجہ بتا دی۔
پاکستان ون ڈے کرکٹ ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف بارش سے متاثرہ دوسرے ون ڈے میں شکست کے بارے میں کھل کر اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ پچ اور کنڈیشنز اب تک سمجھ نہیں آئی، بیٹنگ میں رنز کم کیے بولرز نے بھی ساتھ نہیں دیا۔
رضوان نے کہا کہ ہمیں ویسٹ ایڈیز کو ایک بڑے اسکور کا ہدف دینا چاہیئے تھا لیکن ہم حالات سے پوری طرح ہم آہنگ نہیں ہو سکے ہیں، ہم نے سوچ کر 180 بنائے کہ 200 ممکن ہے، پچ اسپن اور سیم دونوں کے ساتھ مشکل تھی اور ویسٹ انڈیز کے بلے بازوں نے بھی اچھا کھیلا۔
دوسرا ون ڈے : ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو شکست دے دی
باؤلنگ اٹیک کے بارے میں سوالات کا جواب دیتے ہوئے رضوان نے کہا کہ صائم اور آغا نے ماضی میں اچھی بولنگ کی لیکن جیت کیلئے ان کا وکٹیں لینا اہم ہے۔
یاد رہے کہ ویسٹ انڈیز نے بارش سے متاثرہ سیریز کے دوسرے ون ڈے میچ میں پاکستان کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 1-1 سے برابر کر دی۔
حسن علی نے چار اوورز کے اندر برینڈن کنگ (1) اور ایون لیوس (7) دونوں کو آؤٹ کیا، تاہم شیرفین ردرفورڈ نے جوابی حملہ کرتے ہوئے 33 گیندوں پر 45 رنز بنائے جبکہ کپتان شائی ہوپ نے 32 رنز بنائے، محمد نواز نے دونوں وکٹیں حاصل کیں لیکن تب تک ویسٹ انڈیز جیت کے قریب آگئی تھی۔
اس کے علاوہ ویسٹ انڈیز کی جانب سے روسٹن چیس 47 گیند پر 49 اور جسٹن گریوز 31 پر 26 رنز کی ناقابل شکست شراکت داری کے ساتھ اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔