آئندہ سال حج کے خواہشمند افراد کے لئے بڑی خبر آگئی

حج 2026

اسلام آباد: آئندہ سال حج کے خواہشمند افراد کے لئے بڑی خبر آگئی ، دوسرا مرحلے میں کون لوگ درخواست دینے کے اہل ہوں گے؟

تفصیلات کے مطابق وزارت مذہبی امور نے حج 2026 کے لئے درخواستوں کی وصولی کا دوسرا مرحلہ شروع کر دیا ہے، درخواستیں وصول کرنے کا عمل 16 اگست جاری رہے گا۔

ترجمان وزارت نے بتایا کہ اس مرحلے میں درخواستیں وزارت کے آن لائن پورٹل اور نامزد بینکوں کے ذریعے جمع کرائی جا سکتی ہیں۔

دوسرے مرحلے میں غیر رجسٹرڈ عازمین حج بھی درخواست دینے کے اہل ہوں گے، سمندر پار پاکستانی قریبی عزیز کے ذریعے نامزد بینکوں میں درخواست جمع کرا سکتے ہیں، جبکہ بیرون ملک مقیم افراد میڈیکل فٹنس سرٹیفکیٹ وطن پہنچنے پر جمع کرائیں گے۔

ترجمان نے واضح کیا کہ جیسے ہی حج کوٹہ مکمل ہوگا، درخواستوں کی وصولی فوری طور پر روک دی جائے گی÷

یاد رہے پاکستان کو حج 2026 پروگرام کے پہلے مرحلے میں عازمین حج سے 71,000 سے زائد درخواستیں موصول ہوئیں۔

وزارت کے ترجمان محمد عمر بٹ نے ہفتے کے روز تصدیق کی تھی کہ "اب تک 71,000 سے زائد حج درخواستیں آن لائن اور نامزد بینکوں کے ذریعے جمع کرائی جا چکی ہیں۔”

انہوں نے کہا تھا کہ اگلا مرحلہ پیر سے اگلے ہفتہ (11 سے 16 اگست) تک چلے گا، جس کے دوران اخراجات کی پہلی قسط کے ساتھ درخواستیں قبول کی جائیں گی۔

نئی پالیسی کے تحت 70 فیصد کوٹہ سرکاری سکیم اور 30 فیصد پرائیویٹ ٹور آپریٹرز کے لیے مختص ہے۔

پاکستان کا کل حج کوٹہ 179,210 ہے، سرکاری سکیم کے تحت 119,210 اور پرائیویٹ آپریٹرز کے لیے 60,000 تاہم سعودی حکام کی طرف سے حتمی منظوری کے منتظر ہیں۔