سعودی ایئر لائن کے حوالے سے حیران کن اعداد و شمار سامنے آ گئے

سعودی ایئر لائن سعودیہ

کراچی (11 اگست 2025): سعودی ایئر لائن نے 6 ماہ کی کارکردگی رپورٹ جاری کر دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کی قومی فضائی کمپنی سعودی ایئر لائن سے 2025 کی پہلی ششماہی کے دوران 17.5 ملین سے زائد مسافروں نے سفر کیا، جو 2024 کی اسی مدت کے مقابلے میں 7.2 فی صد زائد ہے۔

ہر سال پاکستان سے بڑی تعداد میں مسافر سعودی عرب کا سفر کرتے ہیں، یوں پاکستان سعودیہ کے عالمی نیٹ ورک میں ایک اہم منزل ہے، سعودیہ کی قابل اعتماد سروس کی وجہ سے پاکستانی مسافر اس کا انتخاب کرتے ہیں کیوں کہ یہ پاکستانی مسافر کی حج، عمرہ اور غیر ملکی سفر کی مخصوص ضرورتیں بھی پوری کر رہی ہے۔

مسافروں کی یہ ترجیح نہ صرف سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان گہرے تعلقات کو مضبوط کرتی ہے بلکہ سعودیہ کی جاری عالمی توسیع کو آگے بڑھانے میں بھی کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔ ایئر لائن کی آپریشنل کارکردگی میں بہتری اس لیے بھی ممکن ہوئی ہے کیوں کہ اس کا فضائی آپریشن ایک لاکھ سے زائد پروازوں پر مشتمل ہے، اور اس کا نیٹ ورک چار براعظموں پر محیط ہے۔


پیرس میں طیارہ گراؤنڈ ہونے سے پی آئی اے کو ہزاروں ڈالر کے نقصان کا سامنا


ایوی ایشن انڈسٹری سے متعلق مستند اعداد و شمار فراہم کرنے والے ادارے سیریم کی ایک رپورٹ کے مطابق مجموعی طور پر سعودیہ نے اس مدت کے دوران پرواز کے 293,500 سے زیادہ گھنٹے ریکارڈ کیے، جب کہ پروازوں کی بروقت آمد و روانگی کی 89.6 فی صد کی غیر معمولی شرح کو بھی برقرار رکھا۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ ایئر لائن مارچ اور جون 2025 دونوں میں پروازوں کی بروقت آمد و روانگی کے اعتبار سے دنیا بھر میں پہلے نمبر پر رہی۔

سعودیہ نے 2025 کی پہلی ششماہی میں سالانہ 5 فیصد اضافے کے ساتھ 9.6 ملین سے زیادہ بین الاقوامی مسافروں کو سفری خدمات فراہم کیں، یہ اضافہ 43,700 سے زیادہ بین الاقوامی پروازوں پر مشتمل آپریشن کے باعث ممکن ہوا، جو کہ گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 3 فی صد اضافے کو ظاہر کرتی ہیں۔ ڈومیسٹک سطح پر سعودیہ سے اس دوران 10 فی صد اضافے کے ساتھ 56,400 سے زائد پروازوں کے ذریعے 7.9 ملین سے زیادہ مسافروں نے سفر کیا۔

پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اہم روٹ پر سعودیہ کے آپریشنز سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ حجاج، تارکین وطن اور آرام دہ سفر کے خواہش مند مسافروں کے لیے مسلسل ترجیح اختیار کرتا جا رہا ہے۔ اور سعودی ایئرلائن کا موجودہ 148 طیاروں پر مشتمل فضائی بیڑہ ملکی اور بین الاقوامی دونوں نیٹ ورکس پر مضبوط آپریشنل کارکردگی کا باعث ہے۔

سعودیہ کا کہنا ہے کہ مستقبل قریب میں اس فضائی بیڑے میں مزید 117 نئے طیارے بھی شامل کیے جائیں گے۔