ویرات کوہلی اور روہت شرما 2027 کا ورلڈ کپ کھیلیں گے؟ اہم خبر

بھارتی کرکٹ ٹیم کو کئی فتوحات دلانے والے روہت شرما اور ویرات کوہلی 2027 کے ون ڈے ورلڈ کپ میں شرکت پر سوالیہ نشان لگا ہوا ہے۔

بھارت کو اوپر تلے ٹی 20 ورلڈ کپ اور چیمپئنز ٹرافی جتوانے والے سابق کپتان روہت شرما اور تن تنہا کئی فتوحات دلانے والے ویرات کوہلی ٹیسٹ اور ٹی 20 فارمیٹ سے ریٹائرمنٹ لے چکے ہیں تاہم دونوں کرکٹرز ون ڈے کرکٹ جاری رکھیں گے۔

تاہم بھارت کے دونوں سپر اسٹار کرکٹرز کی 2027 میں جنوبی افریقہ اور زمبابوے میں ہونے والے آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ میں شرکت پر سوالیہ نشان لگا ہوا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بی سی سی آئی نے ویرات کوہلی اور روہت شرما دونوں پر واضح کر دیا ہے کہ اگر وہ اپنے ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ کیریئر کو طول دینا چاہتے ہیں تو انہیں رواں برس دسمبر میں شروع ہونے والے ڈومیسٹک ٹورنامنٹ وجے ہزارے ٹرافی کھیلنا ہوگی۔

نہ صرف وجے ہزارے ٹرافی بلکہ دیگر ڈومیسٹک اے لسٹ میچز بھی کھیلنا ہوں گے۔ اس میں آسٹریلیا اے اور جنوبی افریقہ اے ٹیموں کے خلاف تین، تین ایک روزہ میچوں بھارت اے کی جانب سے انہیں یہ 6 میچز لازمی کھیلنا ہوں گے۔ اس میں شرکت کیے بغیر ان کے ورلڈ کپ 2027 کے اسکواڈ میں جگہ بنانے کا کوئی امکان نہیں ہے۔

رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ بھارتی کرکٹ ٹیم کے حالیہ دورہ انگلینڈ میں ون ڈے اسکواڈ میں نظر انداز کرنے پر دونوں لیجنڈری کرکٹرز انٹرنیشنل کرکٹ سے مکمل ریٹائرمنٹ کا منصوبہ بنا رہے ہیں تاہم اس حوالے سے اب تک کوئی مصدقہ اطلاعات نہیں ہیں۔

واضح رہے کہ ویرات کوہلی نے وجے ہزارے ٹرافی آخری بار 2010 جب کہ روہت شرما نے 2018 میں کھیلی تھی۔ دونوں نے ان ٹورنامنٹس میں اپنے آخری میچز میں بالترتیب 16 اور 17 رنز اسکور کیے تھے۔

دوسری جانب ٹیم منیجمنٹ کے ایک ذرائع نے بتایا ہے کہ ویرات کوہلی اور روہت شرما 2027 ون ڈے ورلڈ کپ کے منصوبے میں شامل نہیں ہیں۔ حال ہی میں نوجوان کرکٹرز کی شاندار کارکردگی کے بعد سلیکٹرز دو سال بعد کھیلے جانے والے میگا ایونٹ کے لیے نئے کھلاڑیوں پر ہی بھروسہ کرنا چاہتے ہیں۔

دوسری جانب بھارتی کپتان شبمن گل انگلینڈ کے خلاف حالیہ ٹیسٹ سیریز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر سلیکشن کمیٹی کا اعتماد حاصل کر چکے ہیں اور بھارتی کرکٹ کے کئی حلقے انہیں مستقبل میں تینوں فارمیٹس میں قیادت کے لیے موزوں سمجھتے ہیں۔

https://urdu.arynews.tv/rohit-sharma-new-luxury-car-lamborghini-urus/