دریائے چناب میں سیلاب کی وارننگ جاری

دریائے چناب

صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی ( پی ڈی ایم اے ) پنجاب نے دریائے چناب اور اس سے ملحقہ ندی نالوں میں سیلاب کی وارننگ جاری کردی۔

اس حوالے سے ترجمان پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ دریائے چناب میں مرالہ، خانکی اور قادرآباد کےمقام پر درمیانے سے اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ ہے۔

اس سلسلے میں گوجرانوالہ، سرگودھا، فیصل آباد اور ملتان ڈویژن کو کسی بھی ناگہانی صورت حال سے نمٹنے کیلیے ہائی الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔

chanab River

پی ڈی ایم اے کے مطابق 15سے زائد اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ کیا گیا ہے، عوام ندی نالوں، نہروں اور تالابوں میں نہانے سے گریز کریں۔

پی ڈی ایم اے پنجاب کی جانب سے لوکل گورنمنٹ، محکمہ زراعت، محکمہ آبپاشی اور صحت، محکمہ جنگلات، لائیو اسٹاک اور محکمہ ٹرانسپورٹ کو بھی الرٹ جاری کیا گیا ہے۔

دوسری جانب ریلیف کمشنر پنجاب نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر ڈپٹی کمشنرز تمام تر انتظامات پیشگی مکمل کریں اور ایمرجنسی کنٹرول رومز میں اسٹاف کو 24 گھنٹے الرٹ رکھا جائے۔