چور موٹر سائیکلوں کے کاغذات چوری کرنے لگے

قصور موٹر سائیکل کے کاغذات

قصور (12 اگست 2025): پنجاب کے شہر قصور میں موٹر سائیکلوں کے کاغذات بڑی تعداد میں چوری ہونے لگے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق قصور کے علاقے الہ آباد میں ایک شوروم میں چوری کی واردات ہوئی ہے، جس میں چور ساڑھے 7 لاکھ روپے اور 15 موٹر سائیکلوں کے کاغذات چوری کر کے لے گئے۔

گزشتہ تین دنوں میں یہ دوسری بڑی واردات ہے، پہلی واردات میں چور 2 موٹر سائیکلیں اور 40 موٹر سائیکلوں کے کاغذات اڑا لے گئے تھے۔

متاثرہ شہری کا کہنا ہے کہ مقامی پولیس چوروں کو پکڑنے میں ناکام نظر آتی ہے، جب کہ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واردات کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزمان کو جلد گرفتار کر لیں گے۔


خواتین کے کانوں سے بالیاں نوچنے والا ڈاکو مقابلے میں ساتھی سمیت مارا گیا


دوسری طرف لاہور میں سی سی ڈی کے ہاتھوں مختلف وارداتوں میں ملوث ملزمان کے انکاؤنٹر کا سلسلہ بھی جاری ہے، ملزمان سے ’’مقابلہ‘‘ ہوتا ہے اور وہ پولیس کے ہاتھوں مارے جاتے ہیں اور اس دوران پولیس اہلکاروں کے بلٹ پروف جیکٹوں پر گولیاں لگتی ہیں۔

ایسے ہی ایک مقابلے میں گزشتہ روز معمر خاتون کے کانوں سے بالیاں نوچنے والا ملزم بھی سی سی ڈی کے ہاتھوں اپنے ساتھی سمیت مارا گیا، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مناواں میں پولیس اور اشتہاری ملزمان کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں پولیس کو مطلوب ریکارڈ یافتہ ملزمان مارے گئے۔

مارے جانے والے ملزمان میں اشتہاری ملزم فراست علی اور اس کا ساتھی شامل تھا، ملزمان کی فائرنگ سے ایس ایچ او سی سی ڈی کینٹ بال بال بچے، ترجمان کے مطابق گولیاں ایس ایچ او عاطف ذوالفقار کی بلٹ پروف جیکٹ پر لگیں۔ ترجمان نے بتایا کہ ہلاک ملزم نے چند روز قبل غازی آباد میں معمر خاتون کے کان سے بالیاں نوچی تھیں۔