کراچی: کورنگی میں ڈکیتی مزاحمت پر ایک اور شہری کو قتل کردیا گیا تاہم موقع پر موجود عوام کے ڈاکوؤں پر تشدد ایک ہلاک اور دوسرا زخمی ہوگیا۔
کراچی کے علاقے کورنگی ڈیڑھ نمبر میں ڈکیتی کی واردات کے دوران مزاحمت پر ملزمان کی فائرنگ سے ایک شہری جاں بحق ہوگیا۔
پولیس نے بتایا کہ مقتول کی شناخت غلام محمد کے نام سے ہوئی ہے، جس کی دو ماہ بعد شادی ہونا طے تھی، المناک واقعے کے بعد مقتول کے گھر میں کہرام مچ گیا۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ واردات کے بعد ملزمان فرار ہونے لگے تو موقع پر موجود شہریوں نے پیچھا کرکے دو ڈاکوؤں کو پکڑ لیا اور تشدد کا نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں ایک ڈاکو موقع پر ہلاک جبکہ دوسرا شدید زخمی ہوگیا۔
پولیس کا کہنا تھا کہ ملزمان نے ڈکیتی مزاحمت پر شہری پرفائرنگ کےبعدفرارہونےکی کوشش کی لیکن علاقہ مکینوں نےدونوں ڈاکوؤں کوپکڑکرتشددکانشانہ بنایا، تاہم پولیس نے حراست میں لے کر اسپتال منتقل کردیا جبکہ تیسرا ڈاکو موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ڈاکوؤں کی فائرنگ سے جاں بحق شہری کورنگی ڈیڑھ نمبرکارہائشی تھا اور 3 بھائیوں میں سب سےچھوٹا تھا تاہم واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔
مزید پڑھیں : کراچی میں ڈکیتی مزاحمت پر 4 بچوں کے باپ کا قتل
گذشتہ روز بھی شہر قائد میں ڈکیتی مزاحمت پر 4 بچوں کے باپ کو قتل کردیا گیا ، ملزمان موٹرسائیکل پر سوار تھے جس پر پولیس کی نمبر پلیٹ لگی ہوئی تھی۔
مقتول کی شناخت جمیل کے نام سے ہوئی، جو 4 بچوں کا باپ اور منی ایکسچینج کمپنی میں ملازم تھا۔
اہل خانہ نے بتایا تھا کہ جمیل نے حال ہی میں پلاٹ خریدا تھا اور اس کی ادائیگی کے لیے 45 لاکھ روپے لے کر آیا تھا، رقم دو تھیلوں میں رکھی گئی تھی جن میں سے ایک تھیلا، جس میں 28 لاکھ روپے تھے، مقتول کی لاش کے نیچے دب گیا جبکہ 17 لاکھ روپے والا تھیلا ملزمان لے کر فرار ہوگئے۔