اسلام آباد : آئی ایم ایف کی ایک اور شرط پوری کرنے کے لیے حکومت پاکستان نے قرضوں کی واپسی کا دورانیہ بڑھانے کی حکمت عملی تیار کرلی ہے۔
تفصیلات کے مطابق آئی ایم ایف کی ایک اور شرط پوری کرنے کیلئے حکومت نے حکمت عملی تیار کرلی، ذرائع نے بتایا کہ حکومت پاکستان قرضوں کی واپسی کا دورانیہ بڑھانے کیلئے تیار ہوگئی۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ مقامی اور غیر ملکی قرضوں کی ادائیگیوں کے لیے اوسط میچورٹی ٹائم میں اضافہ کیا جائے گا۔
ذرائع نے کہا کہ منصوبے کے تحت مقامی قرضوں کا اوسط میچورٹی ٹائم 3 سال 8 ماہ سے بڑھا کر 52 ماہ اور بیرونی قرضوں کا اوسط میچورٹی ٹائم 76 ماہ تک کر دیا جائے گا، آئی ایم ایف کی شرط کے مطابق 2028 تک نئے اوسط میچورٹی ٹائم پر مکمل عملدرآمد کی ڈیڈ لائن مقرر کی گئی ہے۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ میچورٹی ٹائم میں اضافے سے آئندہ برسوں میں فنانسنگ ضروریات میں کمی لائی جا سکے گی۔ اس حوالے سے عملدرآمد رپورٹ آئندہ اقتصادی جائزے سے قبل آئی ایم ایف مشن کو بھیجی جائے گی، جبکہ میچورٹی ٹائم پر عملدرآمد کا آغاز رواں مالی سال سے ہی شروع کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق فی الحال مقامی قرضوں کا اوسط میچورٹی ٹائم 3.8 سال اور غیر ملکی قرضوں کا 6.1 سال ہے۔
نئی پالیسی کے تحت مقامی قرضوں کا تقریباً 30 فیصد فکسڈ پالیسی ریٹ پر ہوگا، جبکہ شریعہ کمپلائنٹ قرضوں کا حصہ آئندہ تین برسوں میں بڑھا کر 20 فیصد کیا جائے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ غیر ملکی قرضوں کا حجم مجموعی قرضوں کے 40 فیصد سے زیادہ نہیں بڑھنے دیا جائے گا۔