کراچی سے 4 لاپتہ افراد گھر واپس آگئے

کراچی سے 4 لاپتہ افراد گھر واپس آگئے

کراچی : چاکیواڑہ تھانے کی حدودسے 4 لاپتہ افراد گھر واپس آگئے ، جن میں عبدالرحمان، رحیم بخش، اویس اور حمزہ شامل ہیں، گھر واپس پہنچ گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق سندھ ہائیکورٹ میں 10 سے زائد لاپتہ افراد کی بازیابی سے متعلق درخواستوں پر سماعت ہوئی۔

سماعت کے دوران عدالت کو آگاہ کیا گیا کہ چاکیواڑہ تھانے کی حدود سے 4 لاپتہ افراد گھر واپس آگئے ہیں،جن میں عبدالرحمان، رحیم بخش، اویس اور حمزہ شامل ہیں جبکہ دیگر کی تلاش کے لیے اقدامات جاری ہیں۔

جس کے بعد درخواست گزار نے متعلقہ افراد کی واپسی پر عدالت کو مطلع کردیا۔

عدالت نے تھانہ گزری، تھانہ سچل سمیت دیگر علاقوں سے لاپتہ افراد کی بازیابی کے لیے اقدامات کرنے کی ہدایت دی۔

سرکاری وکیل نے بتایا کہ کچھ لاپتہ افراد کی تلاش کے لیے جے آئی ٹی اجلاس بلایا جارہا ہے۔

جسٹس ظفر احمد راجپوت نے استفسار کیا کہ کیا لاپتہ افراد کے اہلخانہ کو جے آئی ٹی اجلاس سے متعلق آگاہ کردیا گیا ہے؟ اس پر تفتیشی افسر نے بتایا کہ اجلاس کی سربراہی ایس ایس پی انویسٹی گیشن کررہے ہیں اور انہوں نے اہلخانہ کو آگاہ کردیا ہے۔