ایئر انڈیا کا امریکا کے لیے فضائی سروس معطل کرنے کا اعلان

ایئر انڈیا امریکا

نئی دہلی : پاکستانی فضائی حدود کی بندش ائیر انڈیا پر بھاری پڑگئی، ایئر انڈیا نے امریکا کے لیے فضائی سروس معطل کرنے کا اعلان کردیا۔

تفصیلات کے مطابق مئی 2025 میں بھارتی جارحیت کے بعد پاکستان کی جانب سے فضائی حدود کی بندش نے بھارتی ایئرلائن کو آپریشنل بحران میں دھکیل دیا ہے۔

بھارتی اخبار انڈین ایکسپریس نے بتایا ایئر انڈیا نے یکم ستمبر 2025 سے دہلی تا واشنگٹن نان اسٹاپ سروس معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ معطلی کی بنیادی وجوہات میں بوئنگ 787 طیاروں کی محدود دستیابی اور پاکستانی فضائی حدود کی بندش شامل ہیں۔

رپورٹ میں کہنا تھا کہ پاکستان کی جانب سے فضائی حدود کی بندش کے باعث شمالی بھارت سے مغرب جانے والی بین الاقوامی پروازوں کے روٹ طویل ہو گئے ہیں، پروازوں کا دورانیہ بڑھ گیا ہے اور آپریشنل پیچیدگیاں بھی پیدا ہوئی ہیں۔

انڈین ایکسپریس نے بتایا کہ موجودہ شیڈول اور حالات کے پیش نظر یہ روٹ آئندہ سال کے طویل عرصے تک بند رہ سکتا ہے، جس سے ایئر انڈیا کو بھاری مالی نقصان ہونے کا خدشہ ہے۔