اسلام آباد : پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے پرتگال میں بیوروکریٹس کی جائیدادوں کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ افسران کی فہرست طلب کر لی۔
اسلام آباد: چیئرمین جنید اکبر کی زیر صدارت پارلیمنٹ کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) کا اجلاس ہوا، جس میں کمیٹی نے پرتگال میں بیوروکریٹس کی جانب سے جائیدادیں خریدنے کا نوٹس لے لیا۔
کمیٹی نے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن اور وزارت داخلہ سے متعلقہ افسران کی فہرست طلب کر لی۔
اجلاس میں یوٹیلٹی اسٹورز کو بند کرنے کے معاملے پر بھی غور کیا گیا اور کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ اس حوالے سے متعلقہ محکموں کو طلب کیا جائے گا۔
ممبر پی اے سی سید نوید قمر نے اجلاس میں کہا کہ حکومت نے یقین دہانی کرائی تھی کہ یوٹیلٹی اسٹورز بند نہیں ہوں گے، مگر اب انہیں بند کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملازمین کو نوکریوں سے نہ نکالنے کا وعدہ بھی پورا نہیں کیا گیا اور انہیں برخاست کیا جا رہا ہے۔
مزید پڑھیں : آدھی سے زیادہ بیور وکریسی پرتگال میں جائیدادیں لے چکی، خواجہ آصف
نوید قمر نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پارلیمنٹ کو درست اور شفاف اطلاعات فراہم نہیں کی جاتیں، جو تشویشناک ہے۔
یاد رہے وزیر دفاع خواجہ آصف نے انکشاف کیا تھا کہ وطن عزیز کی آدھی سے زیادہ بیورو کریسی (افسر شاہی) پرتگال میں جائیدادیں لے چکی ہے۔
یہ بات انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس سابقہ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں کہی، ان کا کہنا تھا کہ نامی گرامی بیورو کریٹس اب وہاں شہریت لینے کی تیاری کر رہے ہیں، یہ مگرمچھ اربوں روپے کھا کر آرام سے ریٹائرمنٹ کی زندگی گزار رہے ہیں۔