’ہم نے نہ کسی کو آپریشن کی اجازت دی ہے نہ ہی آپریشن ہو رہا ہے‘

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ دشمن عناصر ملک کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی کوششیں کر رہے ہیں۔

صوبائی کابینہ کے اجلاس میں علی امین گنڈاپور نے کہا کہ دہشت گردی کسی کو قبول نہیں اس سے سب یکساں طور پرم تاثر ہور ہے ہیں ہم نے شروع دن سے صوبے میں امن کے لئے جرگوں کا سلسلہ شروع کیا ہے ان کوششوں کا مقصد دہشت گردی کیخلاف عوام کو آن بورڈ اور اعتماد حاصل کرنا ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ دہشت گردی جس طرح سے پھیل رہی ہے یہ قابل قبول نہیں حکومت کی عملداری کو ہر صورت برقرار رکھنا ہے، آپریشن اور لوگوں کا انخلا ہماری حکومت کی پالیسی نہیں ہے نہ ہم نےکسی کو آپریشن کی اجازت دی ہے اور نہ ہی آپریشن ہو رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ باجوڑ کا مسئلہ مذاکرات سےحل کرنے کے لئے جرگے نے بہت کوششیں کیں، مذاکرات ناکام ہونے کے بعد ٹارگٹڈ کارروائیاں کی جا رہی ہیں، دفعہ 144مقامی آبادی کے تحفظ کے لئے لگائی جارہی ہے۔

وزیر اعلیٰ نے یقین دلایا کہ جو لوگ رضا کارانہ طور پر گھر بار چھوڑ رہے ہیں انہیں سہولیات فراہم کی جائیں گی، بروقت سہولیات کی فراہمی صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے اس میں کوتاہی نہیں ہو گی، کارروائیوں میں سویلین کا نقصان قابل قبول نہیں چاہے وہ کسی کی بھی طرف سے ہو، وفاق نےافغانستان کے ساتھ مذاکرات پر آمادگی ظاہر کی ہے صوبائی حکومت ہوم ورک کر رہی ہے۔

اجوڑ کے بعض علاقوں میں 24 گھنٹے کیلیے کرفیو کا اعلان کردیا گیا۔ یہ اقدام وزارت داخلہ خیبر پختونخوا کی منظوری کے بعد اٹھایا گیا ہے۔

باجوڑ کی ضلعی انتظامیہ نے ایک اعلامیہ جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ باجوڑ میں 12 اگست رات 1 بجے سے 24 گھنٹے کیلئے کے لیے کرفیو نافذ رہے گا۔ وزارت داخلہ خیبرپختونخوا کی منظوری کے بعد باجوڑ کے بعض علاقوں میں کرفیو کا اعلان کیا گیا ہے۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق باجوڑ میں چند سڑکوں پر دفعہ 144 نافذ کردی گئی ہے، جن میں خارمنڈا، خارناواگی، خارصادق آباد عنایت کلی روڈ شامل ہیں۔دہشت گردوں کیخلاف کارروائی کے دوران مزید علاقوں میں مکمل طور پر دفعہ 144 ہوگی۔

14اگست صبح 11 بجے تک گھروں سے نکلنا اور روڈ پر جانا ممنوع ہوگا، لغرئ، گواٹی، غنم شاہ، باد سیاہ، کمر، امانتا، زگئ، گٹ میں نقل و حرکت ممنوع بھی قرار دی گئی ہے۔

باجوڑ کے علاقوں غنڈے، گڑیگال، نیاگ کلی، رئگئ، ڈاگ، ڈما ڈولا، سلطان بیگ، چوترا، شین کوٹ، گنگ، جیوار، انعام خورو، چینگئی، انگا، سفری، برگٹکی بھی شامل ہیں۔

خرکی، شکرو، بکرو کے مکینوں کو گھروں تک محدود رہنے کی ہدایت کی گئی ہے، ضلعی انتظامیہ کی جانب سے عوام سے اپنی سرگرمیاں ختم کرکے گھروں میں رہنے کی اپیل کی گئی ہے۔