بھارت کا یوم آزادی 15 اگست کو منایا جاتا ہے تاہم اس بار یوم آزادی کے موقع پر وہاں کے شہریوں پر بڑی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
بھارتی اپنا یوم آزادی جمعہ 15 اگست کو منائیں گے، لیکن آزادی کے موقع پر انہیں پابندیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، جس کے خلاف شہری عدالت پہنچ گئے ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق حیدرآباد دکن میں میونسپل کارپوریشن نے 15 اگست کو یوم آزادی اور 16 اگست کو جنم اشٹمی کے موقع پر گوشت فروخت کرنے پر پابندی عائد کرتے ہوئے گوشت کی دکانیں اور مذبح خانے بند رکھنے کا حکم جاری کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق حیدرآباد کے شہریوں نے یہ پابندی ماننے سے انکار کر دیا ہے اور اس کے خلاف عدالت سے رجوع کر لیا ہے۔
قانون کے طالبعلم وی سری کانت نے میونسپل کارپوریشن کے اس فیصلے کے خلاف عدالت میں پٹیشن دائر کی، جس میں موقف اختیار کیا کہ حیدرآباد کی میونسپل کارپوریشن کو اس قسم کے احکامات جاری کرنے کا قانونی اختیار حاصل نہیں جب کہ ان احکامات کا کوئی جواز بھی فراہم نہیں کیا گیا۔
آج اس درخواست پر سماعت ہوئی۔ درخواست گزار کے وکیل وجے گوپال نے عدالت میں دلائل دیتے ہوئے گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن (جی ایچ ایم سی) کا یہ اقدام غیر قانونی اور بھارتی آئین کے آرٹیکل کے تحت شہریوں کے حقوق کی خلاف ورزی ہے کیونکہ یہ تاجروں کے قانونی اور پر امن کاروبار میں رکاوٹ ہے، اس لیے اس حکمنامے کو فوری طور پر منسوخ کیا جائے۔
جسٹس بی وجے سین ریڈی نے جی ایچ ایم سی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے انہیں اس فیصلے کے پیچھے موجود وجوہات عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت بدھ 13 اگست تک ملتوی کر دی۔
https://urdu.arynews.tv/betel-and-gutka-smoking-in-the-harrow-area-of-london/