بھارت کی سماج وادی پارٹی رہنما اور اداکارہ جیا بچن نے بغیر اجازت سیلفی لینے والے مداح کو دھکا دے دیا۔
نئی دہلی میں کونسٹیٹیوشن کلب کے باہر جیا بچن کو سیلفی لینے والے شخص کو دھکا دینے کے بعد ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
مذکورہ شخص جیا بچن کے دھکا دینے کے بعد پیچھے ہٹا اور پھر ان سے معذرت بھی کی۔
ان کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے اور لوگ اس پر تبصرے بھی کررہے ہیں۔
واضح رہے کہ ان کی جانب سے مداحوں سے اس قسم کا رویہ کوئی نئی بات نہیں، وہ ماضی میں بھی مداحوں کی جانب سے ان کی تصاویر کھینچنے اور ہاتھ ملانے پر ناراضی کا اظہار کرچکی ہیں۔
یاد رہے کہ جیا بچن بالی وڈ شہنشاہ امیتابھ بچن کی اہلیہ ہیں اور وہ سیاست میں آنے سے قبل بھارتی فلم انڈسٹری میں بھی کام کرچکی ہیں۔
ایک انٹرویو میں انکا کہنا تھا کہ میں ان لوگوں سے سخت نفرت کرتی ہوں جو آپ کی ذاتی زندگی میں مداخلت کرتے ہیں اور ان چیزوں کو بیچ کر اپنا پیٹ بھرتے ہیں، مجھے ایسے لوگوں سے گھن آتی ہے، میں ہمیشہ ان سے کہتی ہوں کہ آپ کو شرم نہیں آتی؟