’دھواں‘ میں نبیل کی موت کا سین دیکھ کر بہت روئی تھی، نازلی نصر

نازلی نصر

اداکارہ نازلی نصر نے انکشاف کیا ہے کہ وہ پی ٹی وی کے مقبول ڈرامے ’دھواں‘ میں نبیل کی موت کا منظر دیکھ کر بہت روئی تھیں۔

نازلی نصر ایک ورسٹائل اور باصلاحیت پاکستانی ٹیلی ویژن اداکارہ ہیں جنہوں نے اپنے کیریئر کا آغاز پی ٹی وی سے کیا۔ انہیں پی ٹی وی کے مقبول ترین ڈراموں میں سے ایک دھواں سے شہرت ملی۔

ڈرامے میں نازلی نصر نے ایک جاسوس افسر کا کردار ادا کیا تھا جو کہ دوسرے اہم کردار سے منشیات اور دوسرے غیر قانونی کاموں کے خلاف آپریشن پر مامور افسر سے خفیہ معلومات حاصل کرکے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد بھجواتی تھیں۔

اداکارہ نے ٹیلی ویژن کے ڈائریکٹر محسن مرزا سے دوسری شادی کی ہے۔ ان کی شادی پہلے حسن سومرو سے ہوئی تھی، جن سے ان کے دو بچے ہیں۔

یہ پڑھیں: شوہر سے نہیں بن رہی تو زبردستی وقت نہ گزاریں، نازلی نصر

حالیہ انٹرویو میں انہوں نے پی ٹی وی کے کامیاب ڈرامے دھواں کے بارے میں دلچسپ تفصیلات بتائیں۔

نازلی نصر نے کہا کہ دھوان پرجوش اور مہم جوئی سے بھرپور ڈرامہ تھا، ہم نے زیادہ تر آؤٹ ڈور شوٹ کیے، اور کوئٹہ میں شدید سردی تھی، درجہ حرارت صفر سے نیچے تھا۔ میں نے سادہ شلوار قمیض پہنی ہوئی تھی اور اغوا کے منظر کے دوران کئی بار گر پڑی تھی، لیکن شوٹنگ کا مزہ آیا، ہم نے بہت لطف اٹھایا۔

اداکارہ نے کہا کہ میں عید کرنے کے لیے گھر آگئی تھی تو مجھے اختتام کا اتنا آئیڈیا نہیں تھا، میں ٹی وی پر نبیل کی موت کا منظر دیکھ کر بہت روئی تھی۔

نازلی نصر نے بتایا کہ ڈرامے کے زیادہ تر اداکاروں کو اختتام تک نبیل ظفر کے قتل سے متعلق علم نہیں تھا لیکن جو اداکار اختتام تک شوٹنگ کرواتے رہے، انہیں معلوم ہوچکا تھا کہ نبیل کے کردار کا قتل کیا جائے گا۔