شکیل صدیقی اور میری جوڑی لوگوں کو آج بھی یاد ہے، بھارتی اداکارہ شروتی سیٹھ

شروتی سیٹھ

بھارتی ٹی وی اداکارہ شروتی سیٹھ نے پاکستانی کامیڈین شکیل صدیقی کے ساتھ کام کرنے کا تجربہ اور دونوں ممالک کے تعلقات پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ فنکاروں کی دنیا میں سرحدیں نہیں ہوتیں۔

بھارتی اداکارہ شروتی سیٹھ جو مشہور ٹی وی شوز "شرارت”، "کامیڈی سرکس” اور "بال ویر” میں یادگار کرداروں سے پہچانی جاتی ہیں۔

انہوں نے حال ہی میں ایک پوڈ کاسٹ انٹرویو میں پاکستانی لیجنڈری کامیڈین شکیل صدیقی کے ساتھ کام کرنے کے تجربے کی یادوں کو ناظرین کے ساتھ شیئر کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ میں دنیا میں جہاں بھی جاؤں لوگ آج بھی یہی کہتے ہیں کہ ہمیں آپ کی اور شکیل صدیقی کی جوڑی بہت پسند تھی شو کے دوران آپ کے چہرے کے تاثرات بھی اچھے لگتے تھے۔

Shakeel Siddiqui ,Shruti Seth

پاکستانی اور بھارتی یہ دونوں فنکار مشہور بھارتی ٹی وی شو "کامیڈی سرکس” کے سیٹ پر ایک ساتھ نظر آتے تھے، جہاں شکیل صدیقی کی حاضر جوابی اور مزاحیہ انداز نے نہ صرف بھارتی ناظرین کو بلکہ ساتھی فنکاروں کو بھی متاثر کیا۔

شروتی سیٹھ نے بتایا کہ شکیل صدیقی کے ساتھ کام کرنا ایک شاندار تجربہ تھا کیونکہ وہ نہ صرف زبردست اداکار ہیں بلکہ بہت اچھے انسان بھی ہیں، سینئر اداکار ہونے کے باوجود انہوں نے کبھی میرے مذاق کا برا نہیں منایا وہ سیٹ پر خوشگوار ماحول پیدا کرنے میں بھی ماہر ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ فنکاروں کی دنیا میں سرحدوں کا کوئی مطلب نہیں ہوتا، کیونکہ اصل پہچان فن اور کارکردگی سے ہوتی ہے۔

موجودہ سیاسی صورتحال اور بھارتی حکومت کی جانب سے پاکستانی فنکاروں پر پابندی کے حوالے سے شروتی سیٹھ نے کہا کہ یہ افسوسناک ہے کہ سیاست کی وجہ سے فنکار اور ناظرین دونوں متاثر ہو رہے ہیں۔ ان کے مطابق فن اور ثقافت کو ہمیشہ تعلقات بہتر بنانے کے لیے استعمال کیا جانا چاہیے، نہ کہ تقسیم پیدا کرنے کے لیے۔

بہت سے ناظرین کے علم میں شاید یہ بات نہ ہو کہ شروتی سیٹھ نے ماضی میں دو پاکستانی ڈراموں میں بھی اہم کردار ادا کیے تھے۔ "#ChalteChalte” اور "#RangBarangi” جو اے آر وائی ڈیجیٹل پر 2007-2008 میں نشر ہوئے تھے۔ ان ڈراموں نے انہیں پاکستانی ناظرین میں بھی خاصی مقبولیت دی۔

شروتی سیٹھ نے "کامیڈی نائٹس بچاؤ” میں پہلی بار بطور پرفارمر حصہ لیا جس میں شکیل صدیقی کے ساتھ ایک ٹیم بنائی گئی تھی۔

ایک انٹرویو میں انہوں نے شکیل صدیقی کو اپنا بہترین ساتھی قرار دیتے ہوئے بتایا تھا کہ پرفارمنس کے دوران مجھ سے اگر کہیں کوئی ٹیکنیکل غلطی ہوجاتی تھی تو شکیل اسے بخوبی سنبھال لیتے تھے۔