لاہور: ڈولفن فورس نے کارروائی کرتے ہوئے 10 من مردہ مرغی کا گوشت لاہور پہنچنے سے پہلے برآمد کرکے 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کے شہری مردہ مرغی کا گوشت کھانے سے بچ گئے، ڈولفن پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے 10 من مردہ مرغی کی ترسیل ناکام بنا دی۔
پولیس نے بتایا کہ دو ملزمان مریدکے سے لاہور مردہ مرغی کا گوشت سپلائی کر رہے تھے، جنہیں گاڑی سمیت حراست میں لے لیا گیا۔
ایس پی موبائلز ارسلان زاہد کا کہنا ہے کہ مضر صحت گوشت کو تلف کرنے اور دیگر کارروائی کے لیے محکمہ فوڈ کو اطلاع دے دی گئی ہے۔
ملزمان کو قانونی کارروائی کے لیے تھانہ چوہنگ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں : فاسٹ فوڈ ریسٹورنٹس کو سپلائی کیا جانیوالا مردہ مرغیوں کا گوشت پکڑا گیا
یاد رہے فوڈ سیفٹی ٹیم نے بہاولنگر میں ریلوے گول چکر کے قریب بڑا چھاپہ مارا اور عارف والا روڈ سے سیکڑوں مردہ مرغیاں برآمد کرکے 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا تھا۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے بتایا تھا کہ مردہ مرغیوں کا گوشت شہر کے فاسٹ فوڈ پوائنٹس پر سپلائی کیا جا رہا تھا تاہم موقع پر موجود بھاری مقدار میں مردہ گوشت تلف کر دیا گیا۔