وزیراعظم کی تمام سیاسی جماعتوں کو میثاق استحکام پاکستان کا حصہ بننے کی پیشکش

وزیراعظم شہباز شریف نے تمام سیاسی جماعتوں کو میثاق استحکام پاکستان کا حصہ بننے کی پیشکش کردی، پاکستان میں سب کو سیاست کا حق ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف نے جشن آزادی و معرکہ حق میں فتح کے حوالے سے خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آزادی کے 78سال مکمل ہونے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں، آج عظیم دن پر تمام سیاسی جماعتوں کو میثاق استحکام پاکستان کا حصہ بننے کی دعوت دیتا ہوں۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں سب کو احتجاج کاحق ہے، جلاؤ گھیراؤ کا نہیں، پاکستان میں سب کو سیاست کا حق ہے ریاست مخالف ایجنڈے کا نہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان میں سب کو تنقید کا حق ہے توہین یا گالی کا نہیں، سیاست ضرور کریں، ملک کے خلاف بغاوت ناقابل قبول ہے، سیاسی تقسیم اور ذاتی مفاد سے بڑھ کر پاکستان کا سوچیں۔

انھوں نے کہا کہ اب ہم ملک میں کسی نئے فتنے کو پنپنے نہیں دیں گے، بھارت کو ایسا سبق سکھایا کہ ان کی نسلیں قیامت تک یادرکھیں گی، مسلح افواج نے اپنی جرات اور بہادری سے بھارت کا گھمنڈ خاک میں ملادیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ جنگ بندی میں مثبت کردار پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا شکریہ ادا کرتا ہوں، امید ہے ٹرمپ کشمیر کا مسئلہ حل کرانے میں بھرپور کردار ادا کریں گے۔