باجوڑ میں بادل پھٹنے سے جاں بحق افراد کی تعداد 18 ہوگئی ، 3 افراد تاحال لاپتہ

باجوڑ میں بادل پھٹنے سے جاں بحق افراد کی تعداد 18 ہوگئی ، 3 افراد تاحال لاپتہ

باجوڑ: خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع باجوڑ میں کلاؤڈ برسٹ سے ہلاکتوں کی تعداد 18 ہو گئی جبکہ 3 افراد تاحال لاپتہ ہیں۔

تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں آسمانی بجلی، شدید بارش اور کلاؤڈ برسٹ نے نظامِ زندگی مفلوج کر دیا۔

خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع باجوڑ کے علاقے سلارزئی میں کلاؤڈ برسٹ سے ہلاکتوں کی تعداد 18 ہو گئی جبکہ 3 افراد تاحال لاپتہ ہیں۔

چار مکانات مکمل طور پر تباہ ہوگئے اور ریسکیو ٹیمیں ہیوی مشینری کی مدد سے لاپتہ افراد کی تلاش میں مصروف ہیں۔

لوئر دیر میں مکان کی چھت گرنے سے پانچ افراد جاں بحق اور چار زخمی ہوگئے، مانسہرہ کے بالاکوٹ بسیاں میں گاڑی نالے میں بہہ جانے سے دو افراد جان سے گئے، جبکہ شاہی کوٹ میں ندی نالوں کی طغیانی میں پھنسے 25 سے زائد سیاحوں کو بحفاظت نکال لیا گیا۔

اپر اور لوئر چترال میں ندی نالوں اور دریائے چترال میں اونچے درجے کا سیلاب آنے سے کئی ایکڑ زرعی زمین ڈوب گئی، دیوسیرا اور دونیچ نالہ میں تین مکانات منہدم ہوگئے۔

سوات کے مٹہ کے بالائی علاقوں میں بارشوں سے پانی آبادی میں داخل ہوگیا اور نشیبی علاقے زیرِ آب آگئے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے متاثرہ اضلاع کی انتظامیہ کو ہائی الرٹ رہنے، ریسکیو اور ریلیف کارروائیوں میں تمام وسائل بروئے کار لانے اور پیشگی حفاظتی انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

دوسری جانب مقبوضہ کشمیر کے ضلع کشتواڑ میں بھی کلاؤڈ برسٹ نے تباہی مچا دی، صرف ایک گھنٹے میں 100 ملی میٹر سے زائد بارش سے ندی نالے بپھر گئے۔ منہ زور ریلوں اور لینڈ سلائیڈنگ سے 44 افراد جاں بحق ہوگئے، جبکہ 200 سے زائد لاپتہ ہیں۔

ایک سو بیس افراد کو ریسکیو کر لیا گیا، تاہم ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے، درجنوں مکانات مکمل طور پر تباہ اور متعدد زخمی اسپتال منتقل کر دیے گئے۔