بٹگرام : خیبرپختونخوا کے ضلع بٹگرام میں سیلابی ریلےمیں 30افراد بہہ گئے ، جس میں 10 افراد کی لاشیں نکال کی گئیں اور دیگر کی تلاش جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش، آسمانی بجلی اور کلاؤڈ برسٹ کے باعث شدید سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی۔
ضلع بٹگرام کے نیل بند گاؤں میں آسمانی بجلی گرنے اور بارش سے پانچ مکانات منہدم ہوگئے، جبکہ سیلابی ریلے میں بہہ جانے سے کم از کم 30 افراد لاپتہ ہوگئے۔
ریسکیو حکام نے بتایا کہ اب تک 10 افراد کی لاشیں نکال لی گئی ہیں جن میں 6 مرد، 2 خواتین اور ایک بچی شامل ہیں، جبکہ مزید 18 افراد کی تلاش جاری ہے۔
ریسکیو 1122، پولیس، رضاکار اور مقامی افراد امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔ متاثرین نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ امدادی سرگرمیوں میں تیزی لائی جائے اور بے گھر ہونے والوں کے لیے فوری رہائش کا انتظام کیا جائے۔
مانسہرہ میں بھی آسمانی بجلی اور کلاؤڈ برسٹ سے سیلاب آیا، جس کے باعث مزید جانی و مالی نقصان کی اطلاعات ہیں۔
دوسری جانب سوات کے مینگورہ، ملابابا، حاجی بابا، خوازہ خیلہ اور مرغزار سمیت نشیبی علاقے زیرِ آب آ گئے، سینکڑوں گھروں میں پانی داخل ہوگیا اور متعدد علاقوں کا زمینی رابطہ منقطع ہو گیا۔
متاثرہ علاقوں میں لوگ گھروں کی چھتوں پر پناہ لینے پر مجبور ہیں، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، جبکہ بعض مقامات پر اپنی مدد آپ کے تحت انخلا کیا جا رہا ہے۔