کراچی : اپنے 2 کم سن بچوں کو قتل کرنے والی ماں کے دل دہلا دینے والے انکشافات

کراچی کے علاقے ڈیفنس خیابانِ مجاہد

کراچی: ڈیفنس خیابانِ مجاہد میں دو کم سن بچوں کو بے دردی سے قتل کرنے والی ماں کے دل دہلا دینے والے انکشافات سامنے آگئے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے ڈیفنس خیابانِ مجاہد میں افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں ایک ماں نے اپنے ہی دو معصوم بچوں کو تیز دھار آلے سے قتل کر دیا۔

جس کے بعد اپنے ہی بچوں کی قاتل ماں سے تفتیش کا عمل جاری ہے، ادیبہ نامی خاتون نے دوران تفتیش پولیس کو اہم انکشافات کئے۔

بچوں کی ماں نے اپنے بیان میں بتایا کہ بچے گھر پر رکنے کے لیے آتے تھے بیٹا اکثر کہتا تھا ایسی جگہ پہنچائیں جہاں کوئی تکلیف نہ ہو میں نے ایسی جگہ پہنچا دیا جہاں اب انہیں تکلیف نہیں ہوگی۔

خاتون کا کہنا تھا کہ پہلے بیٹے کا سامنے سے گلا کاٹا اور قتل کیا اور پھر بیٹی کو گردن کی جانب سے چھری سے ذبح کیا ، دونوں کو واش روم میں جا کر قتل کیا۔

پولیس نے بتایا کہ گرفتار ملزمہ کی شناخت 2024 میں طلاق یافتہ ادیبہ کے نام سے ہوئی ہے، ملزمہ کے شوہر غفران سے ایک سال قبل علیحدگی ہوئی تھی۔

مزید پڑھیں : کراچی: ڈیفنس فیز 6 میں طلاق کے بعد حوالگی کے تنازع پر ماں نے اپنے بچوں کو قتل کردیا

طلاق کے بعد بچوں کی حوالگی کے تنازع پر واقعہ پیش آیا اور دونوں بچے والد کے ساتھ رہائش پذیر تھے، بچے ہفتے میں ایک یا دو بار والدہ سے ملنے آتے تھے۔

حکام کے مطابق گزشتہ رات دونوں بچے سات سالہ بیٹا ضرار اور چار سالہ بیٹی سنیعہ والدہ کے پاس رہنے کے لیے آئے تھے، مقتول بچوں کے والد پرائیویٹ کمپنی میں ملازم ہیں۔

قتل کے بعد ملزمہ نے سب سے پہلے سابق شوہر اور اپنے گھر والوں کو واقعے کی اطلاع دی، جس کے بعد پولیس کو بھی آگاہ کیا۔

پولیس کے مطابق جب اہلکار موقع پر پہنچے تو ملزمہ بچوں کی لاشوں کے ہمراہ موجود تھی۔

ایس ایس پی ساوتھ کا کہنا ہے کہ ملزمہ نفسیاتی مسائل کا شکار لگتی ہے، تاہم حتمی بات تحقیقات اور میڈیکل رپورٹ کے بعد کی جائے گی۔ ممکنہ طور پر آج ہی مقدمہ درج کر کے مزید کارروائی شروع کر دی جائے گی۔