’حکومت کی طرف سے اعظم سواتی کو سفر کی اجازت ہے‘

اعظم سواتی

اسلام آباد (15 اگست 2025): وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے سینیٹر اعظم سواتی سفر کر سکتے ہیں۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق سینیٹ اجلاس میں پی ٹی آئی کے سینیٹر اعظم سواتی کو بیرون ملک روانگی سے روکے جانے سے متعلق وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ وزیر داخلہ کسی کو خود بلیک لسٹ میں شامل نہیں کرتا، ہماری طرف سے اعظم سواتی سفر کر سکتے ہیں۔

طلال چوہدری نے بتایا کہ اعظم سواتی کے حوالے سے موجود ریکارڈ عدالت کے سامنے پیش کر دیا تھا۔

پی ٹی آئی سینیٹر علی ظفر نے کہا ہے کہ طبی معائنے کے لیے اعظم سواتی کا بیرون ملک جانا ضروری ہے۔ اگر کوئی مسئلہ نہیں تو انہیں سفر کرنے دیا جائے۔

وزیر مملکت نے کہا کہ ریکارڈ چیک کرنے کے بعد پہلے بھی اجازت دی تھی، اب بھی دے سکتے ہیں۔

پی ٹی آئی رہنما سینیٹر اعظم سواتی کو گزشتہ ہفتہ پشاور ایئرپورٹ پر بیرون ملک جانے سے روک دیا گیا تھا۔

بیرون ملک جانے سے روکے جانے کے خلاف بیرون ملک جانے سے روکے جانے کے بعد اعظم خان سواتی نے پشاور ہائیکورٹ میں توہین عدالت کی درخواست دائر کر دی۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ پشاور ہائیکورٹ نے انہیں بیرون ملک جانے کی اجازت دی تھی، لیکن عدالتی حکم کے باوجود بیرون ملک جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔ ان کا نام ای سی ایل سے نکال کر پی این آئی سی لسٹ میں شامل کر دیا گیا ہے۔

واضح رہے پشاور ہائیکورٹ کے دو رکنی بینچ نے اعظم خان سواتی کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے بیرون ملک جانے کی اجازت دی تھی۔