کراچی (15 اگست 2025): سندھ ہائیکورٹ نے نیپئر روڈ پر غیر قانونی قرار دے کر سیل کی جانے والی دکانوں کو ڈی سیل کرنے کا حکم دے دیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے نیپئر روڈ پر دکانوں کو غیر قانونی قرار دے کر سیل کرنے کے خلاف درخواست کی سندھ ہائیکورٹ میں سماعت ہوئی۔
سماعت کے موقع پر درخواست گزار کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ جن دکانوں کو غیر قانونی قرار دے کر سیل کیا گیا وہ قیام پاکستان سے قبل کی بنی ہوئی ہیں۔ اب جا کر سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی اسے غیر قانونی قرار دے رہی ہے۔
عدالت نے ایس بی سی اے سے استفسار کیا کہ اتنے سالوں سے عمارت بنی ہوئی ہے اب آپ کو خیال آیا کہ غیر قانونی ہے۔
اس کے ساتھ ہی عدالت نے درخواست گزار سے بھی استفسار کیا کہ آپ نے اپنی دکان بھی آگے سڑک پر بڑھا دی ہے، جس پر وکیل نے بتایا کہ ہم نے ایک انچ بھی دکان کو اگے نہیں بڑھایا ہے۔
سندھ ہائیکورٹ نے درخواست کی سماعت کے بعد ایس بی سی اے کو دکان مالکان کی درخواست پر 3 ہفتوں میں فیصلہ کرنے کا حکم دیدیا۔ اس کے ساتھ ہی عدالت نے دکانیں ڈی سیل کرنے کا حکم بھی دے دیا۔