محکمہ موسمیات نے خیبرپختونخوا میں 24 گھنٹوں کے دوران مزید بارشوں کی پیشگوئی کردی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق دیر، چترال، سوات، کوہستان، شانگلا میں آج رات موسلا دھار بارشوں کا امکان ہے، کرک، بنوں، ہنگو اور وزیرستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، بونیر، مالاکنڈ، باجوڑ میں بھی موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مہمند، کرم، مردان، صوابی، نوشہرہ، پشاور، کوہاٹ، میں بارش کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں کلاؤڈ برسٹ، لینڈ سلائیڈنگ اور سیلابی ریلوں نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی، مختلف حادثات میں اب تک 200 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔
یہ پڑھیں: خیبرپختونخو احکومت کا لاپتہ ہونے والا ہیلی کاپٹر کریش گرگیا ، 5 افراد شہید
صرف بونیر میں ایک سو بیس سے زیادہ افراد جاں بحق جبکہ کئی لاپتا ہو گئے،کلاوڈ برسٹ کے بعد سیلاب کئی گاؤں بہا لے گیا،مکینوں کے آشیانے گرگئے، سیلابی ریلوں میں جانور اور گاڑیاں بھی بہہ گئیں جبکہ بونیر میں ہنگامی حالت نافذ کردی گئی۔
سوات میں بپھرا دریا راستے میں آنے والی ہر چیز تنکوں کی طرح بہا لے گیا، مینگورہ سے گزرنے والی ندی کا پانی گھروں میں داخل ہوگیا، پانی کے ریلے رابطہ پلوں تک پہنچ گئے۔
باجوڑ میں کلاؤڈ برسٹ کے بعد سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے 21 افراد جاں بحق ہوگئے، مانسہرہ کے گاؤں ڈھیری حلیم میں رات گئےکلاؤڈ برسٹ کے بعد سیلابی ریلے میں بہنے والے 16 افراد کی لاشیں بٹگرام سے نکال لی گئیں، بونیر، باجوڑ، مانسہرہ اور بٹگرام کو آفت زدہ قرار دے دیا گیا۔