واشنگٹن (16 اگست 2025): امریکی دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی میں بھارت کی یوم آزادی کی تقریب یوم ماتم میں بدل گئی۔
واشنگٹن کے بھارتی سفارت خانے میں جشن آزادی کی تقریب کے دوران سکھوں کی بڑی تعداد نے سفارت خانے کا گھیراؤ کر لیا اور شدید نعرے بازی کی۔
خالصتان کے پرچم اٹھائے سکھ مظاہرین کی بڑی تعداد نے بھارت مردہ باد اور قاتل مودی کے نعرے لگائے۔ اس موقع پر مظاہرین نے بھارتی ترنگے کے ٹکڑے کر کے سفارتخانے کے داخلی دروازے کے سامنے پھینکے۔
ٹرمپ کا پاک بھارت جنگ کے درمیان 6 سے 7 طیارے گرائے جانے کا دعویٰ
پولیس کی بھاری نفری بھی موقع پر موجود رہی تاہم کوئی ناخوش گوار صورت حال پیش نہیں آئی۔ مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے خالصتان کونسل کے سربراہ ڈاکٹر سندھو کا کہنا تھا کہ 17 اگست میں واشنگٹن ڈی سی میں خالصتان ریفرنڈم میں ووٹ ڈالنے کے لیے ہزاروں سکھ شہر میں پہنچنا شروع ہو گئے ہیں اور وہ دن دور نہیں جب بھارتی پنجاب کو آزاد کرا کر خالصتان کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔
دوسری طرف پیرس میں بھی انڈیا کے یومِ آزادی پر یومِ سیاہ منایا گیا، ایفل ٹاور کے سامنے کشمیری اور پاکستانی کمیونٹی نے احتجاجی مظاہرہ کیا، انٹرنیشنل کشمیر پیس فورم فرانس کے زیر اہتمام مظاہرے میں مودی کے خلاف نعرے بازی کی گئی، کشمیریوں نے تحریکِ آزادی زندہ باد ۔۔۔ ہم لے کے رہیں گے آزادی۔۔۔ کے نعرے لگائے۔ مقررین نے کہا کہ ہندوستان نے مقبوضہ کشمیر میں ظلم کا بازار گرم کر رکھا ہے، عالمی برادری مسئلہ کشمیر یو این قراردادوں کے مطابق حل کرانے کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔