ٹرمپ نے میلانیا کا اہم خط پیوٹن کے حوالے کر دیا

ٹرمپ نے میلانیا کا اہم خط پیوٹن کے حوالے کر دیا

اینکریج (16 اگست 2025): امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اہلیہ و خاتون اوّل میلانیا ٹرمپ کی جانب سے لکھا گیا اہم خط روسی ہم منصب ولادیمیر پیوٹن کے حوالے کر دیا۔

خبر رساں ایجنسی روئٹرز کی رپورٹ کے مطابق وائٹ ہاؤس کے دو عہدیداروں نے بتایا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی اہلیہ میلانیا ٹرمپ نے ولادیمیر پوٹن کو لکھے گئے ذاتی خط میں یوکرین اور روس میں بچوں کی حالت زار کا ذکر کیا۔

عہدیداروں نے روئٹرز کو بتایا کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے الاسکا میں سربراہی اجلاس کے دوران ولادیمیر پیوٹن کو اہلیہ کا خط پہنچایا کیونکہ وہ خود موقع پر موجود نہیں تھیں۔

اگرچہ حکام اس خط کے مندرجات کے بارے میں لاعلم ہیں تاہم بعض کا کہنا ہے کہ اس میں یوکرین میں جنگ کے نتیجے میں بچوں کے اغوا کا ذکر کیا گیا۔

واضح رہے کہ روس کی جانب سے یوکرین میں بچوں کا مبینہ اغوا ملک کیلیے انتہائی حساس رہا ہے۔

یوکرین نے ہزار بچوں کے اغوا کو خاندان یا سرپرستوں کی رضامندی کے بغیر روس یا روس کے زیر قبضہ علاقے میں لے جانے کا الزام عائد کیا ہے۔

اس سے قبل ماسکو نے کہا تھا کہ وہ جنگ زدہ علاقوں میں بچوں کی حفاظت کر رہا ہے۔

اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے دفتر نے کہا کہ روس نے 2022 میں یوکرین پر مکمل حملے شروع ہونے کے بعد سے لاکھوں یوکرائنی بچوں کو تکلیف پہنچائی ہے اور ان کے حقوق کی خلاف ورزی کی ہے۔

ٹرمپ اور پیوٹن کے درمیان اینکریج میں واقع امریکی فوجی اڈے پر تقریباً تین گھنٹے تک ملاقات ہوئی جو یوکرین میں جنگ بندی معاہدے کے بغیر اپنے اختتام کو پہنچی۔