سیلابی صورتحال ، پاکستان بھر میں 911 ایمرجنسی ہیلپ لائن فعال کردی گئی

سیلابی صورتحال ، پاکستان بھر میں 911 ایمرجنسی ہیلپ لائن فعال کردی گئی

اسلام آباد : ملک بھر میں 911 ایمرجنسی ہیلپ لائن فعال کردی گئی ، شہری کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری مدد حاصل کرسکیں گے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر وزارتِ انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن نے ملک بھر میں 911 ایمرجنسی ہیلپ لائن کو فوری طور پر فعال کر دیا ہے تاکہ بارشوں اور سیلاب سے پیدا ہونے والی ہنگامی صورتحال میں عوام کو فوری اور مؤثر مدد فراہم کی جا سکے۔

ترجمان وزارت آئی ٹی نے بتایا کہ 911 سروس اس وقت بھی فعال رہے گی جب کسی علاقے میں صارف کے اپنے موبائل نیٹ ورک کے ٹاورز متاثر یا غیر فعال ہو جائیں تو سروس قریبی علاقے کے کسی بھی کمپنی کےفعال ٹاورسےخودکارطورپرمنسلک ہوگی تاکہ متاثرہ شہری 911 پر رابطہ کر کے ہنگامی مدد حاصل کر سکیں۔

ترجمان نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری رابطے کے لیے 911 ڈائل کریں، تاہم غیر متاثرہ شہری غیرضروری کالزسے گریزکریں تاکہ ضرورت مند افراد کو سہولت ملے۔

خیال رہے کہ خیبرپختونخوا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں طوفانی بارشوں، کلاؤڈ برسٹ اور سیلابی ریلوں نے بڑے پیمانے پر تباہی مچادی ہے۔ اب تک300 سے زائد افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ بونیر میں سب سے زیادہ ہلاکتیں رپورٹ ہوئیں۔

وزیراعظم نے ہنگامی صورتحال کے پیش نظر خیبرپختونخوا کو ترجیحی بنیادوں پر امدادی سامان ٹرکوں کے ذریعے روانہ کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔