ملتان: پی سی بی نے 2025-26 کے لیے ویمنز کرکٹ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کا اعلان کردیا۔
انڈر 19 ایمرجنگ خواتین کھلاڑیوں کے ٹرائلز 21 اگست سے کراچی میں ہوں گے، پروگرام کے تحت 3 ستمبر تک ملک بھر میں ٹرائلز ہوں گے۔
لاہور، کراچی، راولپنڈی، پشاور، مردان، کوئٹہ، ملتان اور بہاولپور میں ٹرائلز ہوں گے۔
ٹرائلز میں انڈر 19 کھلاڑیوں کے لیے کم سے کم عمر 12 سال رکھی گئی ہے، منتخب کھلاڑیوں کو نیشنل انڈر 19 ٹورنامنٹ کھیلنے کا موقع ملے گا۔
ٹرائلز 21 اگست کو کراچی کے حنیف محمد ہائی پرفارمنس سینٹر میں شروع ہوں گے اور اس کے بعد پیر 25 اگست کو لاہور کے ایل سی سی اے گراؤنڈ میں ٹرائلز ہوں گے۔ ٹرائلز بالترتیب 26 اور 27 اگست کو راولپنڈی اور پشاور میں ہوں گے۔
28 اگست کو مردان اور کوئٹہ میں بیک وقت ٹرائلز ہوں گے جبکہ ملتان اور بہاولپور میں انڈر 19 اور ایمرجنگ ویمنز کرکٹرز بالترتیب 2 اور 3 ستمبر کو ٹرائلز میں شرکت کر سکتی ہیں۔
پاکستان کی سابق خواتین کھلاڑی بتول فاطمہ اور سابق ٹیسٹ کرکٹر اسد شفیق پر مشتمل قومی خواتین کی سلیکشن کمیٹی متعلقہ ریجنل کوچز کے تعاون سے تمام شہروں میں ٹرائلز کا انعقاد کرے گی۔
ٹرائلز میں حصہ لینے والے کھلاڑی کو عمر کی تصدیق کے لیے ب فارم یا CNIC یا نادرا سے جاری کردہ پیدائش کا سرٹیفکیٹ لانا ہوگا۔