کراچی: 14 اگست کو ہوائی فائرنگ، مرحا کے گھر کی خوشیاں ماتم میں تبدیل ہوگئیں

کراچی مرحا

کراچی کے علاقے عزیز آباد میں 14 اگست کو ہوائی فائرنگ 6 سالہ معصوم بچی مرحا کی جان لے گئی۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی میں 14 اگست کو جشن آزادی کی خوشی میں ہوائی فائرنگ سے معصوم بچی مرحا کے گھر کی خوشیاں ماتم میں تبدیل ہوگئی۔

والد نے بتایا کہ مجھے 12:30 کے قریب بھابھی کی کال آئی کہ جلدی آجاؤ مرحا کو کچھ ہوگیا ہے۔

دادی نے کہا کہ ہمارے تو پیروں تلے زمین نکل گئی جب یہ دیکھا کہ والدہ بچی کو خون میں لت پت لے کر پہنچی ہے۔

والدہ نے کہا کہ ہمیں ہر جگہ بیٹی نظر آتی ہے، کچھ نہیں بس انصاف چاہیے۔

یہ پڑھیں: کراچی : یوم آزادی پر ہوائی فائرنگ کرنے والے 125 ملزمان گرفتار

عزیزآباد پولیس نے جشن آزادی پر ہوائی فائرنگ سے 7 سالہ بچی کے قتل میں ملوث 3 ملزمان کو گرفتار کرکے نائن ایم ایم پستولیں برآمد کرلیں۔

برآمد کی جانے والی پستول اور بچی کو لگنے والی نائن ایم ایم پستول کی گولی کا خول فارنزک رپورٹ کے لیے بھیج دیا گیا، رپورٹ سے معلوم ہو سکے گا بچی کو گولی کس اسلحہ سے چلنے والی گولی سے لگی تھی۔

جشن آزادی کے موقع پرعزیزآباد تھانے کی حدود مکان نمبر 1146 بلاک 8 ایف بی ایریا میں ہوائی فائرنگ کی زد میں آکر 6 سالہ بچی مرحا عرف نیہا دختر وقاص جاں بحق ہوگئی تھی۔