کراچی: فیکٹری کا ملازم لفٹ میں دم گھٹنے سے جاں بحق

کراچی لفٹ مزدور

کراچی کے علاقے کورنگی ویٹا چورنگی پر فیکٹری کا ملزم لفٹ میں دم گھٹنے سے جاں بحق ہوگیا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق ویٹا چورنگی میں گارمنٹ فیکٹری کی لفٹ میں پھنسنے والا ملازم کاشف موقع پر ہی دم توڑ گیا۔

فیکٹری انتظامیہ نے پولیس کو اطلاع نہیں دی اور واقعے کو چھپانے کی کوشش کی۔

ذرائع کے مطابق کاشف جب لفٹ میں پھنسا تو فیکٹری انتظامیہ کے لیے چائے لینے جارہا تھا، جس کے جسم کا آدھا حصہ لفٹ کے اوپر اور آدھا حصہ نیچے پھنسا ہوا تھا۔

فیکٹری انتظامیہ کی جانب سے کسی لفٹ کے ماہر یا تربیت یافتہ شخص کو نہیں بلایا گیا جس کی وجہ سے ملازم کی جان چلی گئی۔

پولیس نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے انکوائری شروع کردی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال دسمبر میں کراچی کے علاقے گلستان جوہر بلاک 19 کی ایک رہائشی عمارت میں افسوسناک واقعہ پیش آیا تھا جس نے والدین کے اکلوتے بیٹے کی جان لے لی تھی۔

حکام کے مطابق لفٹ کو کاٹ کر بچے کو باحفاظت نکالنے کی کوشش کی گئی، بچے کو سر نکال کر شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ دوران علاج دم توڑ گیا تھا۔