مالاکنڈ: جے یو آئی ضلعی امیر مفتی کفایت اللہ پر فائرنگ کرنے والے بیٹے کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم معتصم کو اسلحہ سمیت شوگر بٹ خیلہ سے گرفتار کیا گیا ہے۔
فائرنگ سے مفتی کفایت اللہ کا بیٹا عصمت اللہ اور بیٹی جاں بحق ہوئی جبکہ مفتی کفایت اللہ اور دوسری بیٹی شدید زخمی ہیں۔
واضح رہے کہ نومبر 2019 میں جے یو آئی (ف) کے مرکزی رہنما مفتی کفایت اللہ اور ان کے بیٹوں پر حملہ ہوا تھا جس کے باعث گاڑی میں سوار تمام افراد زخمی ہوگئے تھے۔
یہ پڑھیں: رہنما جے یو آئی مفتی کفایت اللہ کے بیٹے نے فائرنگ کر کے والد کو زخمی، بھائی بہن کو قتل کر دیا
مفتی کفایت اللہ اسلام آباد سے مانسہرہ جا رہے تھے کہ اچانک بیدرہ انٹرچینج پر عقب سے آنے والی گاڑی نے جان بوجھ کر ان کی گاڑی کو ٹکر ماری اور روکنے پر مجبور کیا تھا۔
بعد ازاں نامعلوم افراد نے گاڑی سے اتر کر رہنما جے یو آئی (ف) اور ان کے بیٹوں کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔
بھائی حبیب الرحمان نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ تشدد سے مفتی کفایت اللہ، گاڑی میں سوار 2 بیٹے اور ایک ساتھی بھی زخمی ہوا، وہ اسلام آباد سے مانسہرہ آ رہے تھے۔
حملے کا مقدمہ 5 نامعلوم افراد کے خلاف درج کیا گیا تھا۔