شوبز انڈسٹری کی ابھرتی ہوئی اداکارہ طوبیٰ انور کا کہنا ہے کہ میں اپنی ذاتی زندگی پر تنقید کا جواب نہیں دینا چاہتی۔
اداکارہ طوبیٰ انور ان دنوں اے آر وائی ڈیجیٹل کے ڈرامہ سیریل ’پل دو پل‘ میں اداکاری کے جوہر دکھا رہی ہیں، اداکارہ نے حالیہ پوڈ کاسٹ میں اپنی نجی زندگی پر کی جانے والی تنقید سے متعلق اظہار خیال کیا۔
انہوں نے کہا کہ میں نے کبھی اپنی ذاتی زندگی پر تنقید کا جواب نہیں دیا کیونکہ میں اس پر بات نہیں کرنا چاہتی، یہ نجی ہے میں اسے اپنے اور اپنے خاندان کے اندر ہی رکھتی ہوں۔
اداکارہ نے کہا کہ وہ لوگوں کو نجی زندگی سے متعلق جوابات دے کر گھر کی باتیں باہر نہیں لانا چاہتیں، اس لیے انہوں نے کبھی کسی کو جواب نہیں دیا۔
یہ پڑھیں: اداکار بھی انسان ہیں کوئی ’پنچنگ بیگ‘ نہیں، طوبیٰ انور
طوبیٰ انور کے مطابق ان کے اہل خانہ ان کی زندگی اور حقائق سے واقف ہیں، اس لیے انہیں دوسروں کو حقائق سے آگاہ کرنے کی ضرورت ہی نہیں۔
انہوں نے کہا کہ میں ان معاملات پر بات کرتی ہوں جس سے دوسروں کو فائدہ پہنچے جیسے ڈپریشن اور دماغی صحت کے بارے میں آواز اٹھانا ہے۔
اداکارہ نے کہا کہ میں نے بہت منفی کردار کیے ہیں لیکن حقیقی زندگی میں منفی انسان نہیں ہوں، اس لیے میں اپنے ڈرموں میں منفی شخص بننے کا شوق پورا کرتی ہوں، مجھے اپنے کرداروں کے ذریعے زندگی میں بہت مسالا ملتا ہے۔