اسلام آباد سے کراچی آنے والی نجی ایئرلائن کی پرواز حادثے سے بال بال بچ گئی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق طیارہ اڑان بھرنے کے لیے ٹیکسی وے پر موجود تھا کہ انجن سے پرندہ ٹکرا گیا جس کی وجہ سے کیبن کے اندر دھواں بھر گیا اور مسافر خوفزدہ ہوگئے۔
ایئرسائٹ کی ٹیموں نے رن وے پر پہنچ کر طیارے کا معائنہ کیا۔
پرندہ ٹکرانے سے طیارے کے ایک انجن کو نقصان پہنچا جس کے بعد طیارے کو گراؤنڈ کردیا گیا اور پرواز 207 منسوخ کردی گئی۔
نجی ایئرلائن کی پرواز میں تاخیر سے مسافروں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا اور کراچی سے اسلام آباد جانے والی پرواز بھی تاخیر کا شکار ہوگئی۔
یہ پڑھیں: پائلٹ نے کمال مہارت سے طیارہ آندھی کی زد سے نکالا، اسد عمر
رواں سال مئی میں کراچی سے لاہور جانے والی نجی ایئر لائن کی پرواز کئی منٹ تک آندھی کی زد میں رہی اور طیارے کو طوفان کے باعث شدید جھٹکے لگے تھے۔
خوف سے مسافر چیختے رہے تاہم پائلٹ نے بڑی مہارت سے طیارے کو واپس اڑایا جب کہ ایئر ٹریفک کنٹرول نے طیارے کو کراچی واپس بھیج دیا تھا۔
سابق وفاقی وزیر اسد عمر بھی طیارے میں سوار تھے۔
علاوہ ازیں، اسلام اباد سے لاہور پہنچی پرواز بھی کراچی منتقل کر دی گئی جب کہ شدید طوفان کے باعث کراچی کی دو پروازیں بھی تاخیر کا شکار ہوئی تھیں۔