اسرائیل میں یرغمالیوں کے اہل خانہ کی ملک گیر ہڑتال، نیتن یاہو سے جنگ بندی کا مطالبہ

یرغمالیوں کے اہل خانہ کی ملک گیر ہڑتال، نیتن یاہو سے جنگ بندی کا مطالبہ

تل ابیب (17 اگست 2025): اسرائیل میں غزہ میں فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کے ہاتھوں یرغمال اسرائیلی شہریوں کے اہل خانہ نے ملک گیر ہڑتال شروع کر دی۔

قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق آج یرغمالیوں کے اہل خانہ و قریبی رشتے دار ملک گیر ہڑتال پر چلے گئے، ان کا مطالبہ ہے کہ وزیر اعظم نیتن یاہو غزہ جنگ بندی معاہدہ کرے۔

حماس کے ہاتھوں یرغمال اسرائیلی شہری اٹزک ہورن کے والد ایٹن ہورن نے گزشتہ روز اسرائیلیوں سے ملک گیر ہڑتال میں شامل ہونے کی اپیل کی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: غزہ میں 24 گھنٹے میں بچے سمیت 11 افراد بھوک کی وجہ سے شہید

ایٹن ہورن کا کہنا تھا کہ کل اسرائیل میں معمولات زندگی رُک جائے گی اور میں سب کو ملک گیر ہڑتال میں شامل ہونے کی دعوت دیتا ہوں۔

یرغمالی شہری کے والد نے کہا کہ یہ احتجاج کا دن ہے یہ نہ صرف یرغمالیوں کے خاندانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کا دن ہے بلکہ اسرائیلی ریاست کے اخلاقی کردار کو برقرار رکھنے کیلیے مظاہرہ بھی ہے۔

واضح رہے کہ غزہ میں حماس کے ہاتھوں اب بھی 50 اسرائیلی شہری یرغمال ہیں جن میں سے 20 کے زندہ ہونے کا خیال کیا جاتا ہے۔