(17 اگست 2025): حافظ آباد میں دیرینہ دشمنی پر مخالفین نے کار پر فائرنگ کرکے 3 افراد کو قتل کرنے کے بعد لاشیں گاڑی سمیت جلادی۔
تفصیلات کے مطابق حافظ آباد میں محمد حسین ڈیڑھ ماہ قبل اسپین سے مقدمہ میں شامل تفتیش ہونے کے لیے آیا تھا اسے گزشتہ روز دو ساتھیوں سمیت قتل کردیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کا واقعہ اسد اللہ پور کےقریب پیش آیا جہاں دیرینہ دشمنی پر فائرنگ کرکے قیمتی جانوں کو ضائع کر دیا گیا، ملزمان نے تینوں افراد کو فائرنگ کرکے قتل کیا اور پھر گاڑی سمیت آگ لگا دی گئی۔
پولیس ذرائع کے مطابق گزشتہ روز گاڑی میں دو ساتھیوں سمیت قتل ہونے والا محمد حسین ڈیڑھ ماہ قبل اسپین سے ایک مقدمے میں شامل تفتیش ہونے کے لیے آیا تھا۔ محمد حسین قتل کے مقدمہ میں دفعہ 109 کے تحت مشورہ قتل میں نامزد ملزم 14 جولائی تک عبوری ضمانت پر تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اس سے قبل گذشتہ سال محمد حسین کے گھر کو لوٹ کر مسمار کردیا گیا اور آگ لگا دی گئی تھی اس پر بھی پولیس کوئی کارروائی نہیں کی۔
محمد حسین نے پولیس کو چند روز قبل رپورٹ کی کہ گاڑی نمبر ATU 798 اس کا مسلسل تعاقب کررہی ہے، اس کا تذکرہ محمد حسین نے ایک مقامی صحافی سے اپنے وٹس ایپ میسج میں بھی کیا، لیکن اس پر بھی پولیس کی جانب سے کوئی کارروائی نہیں ہوسکی۔
مبینہ طور پر چند روز قبل بھی محمد حسین پر فائرنگ کی گئی جس میں وہ معجزانہ طور پر محفوظ رہا لیکن گزشتہ شام اسے دو ساتھیوں سمیت اندھا دھند فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا اور پھر مقتولین کی نعشوں کو مسخ کرنے کے لئے گاڑی کو آگ لگا دی گئی۔