اسلام آباد (17 اگست 2025): وزیر اعظم شہباز شریف کی خصوصی ہدایت پر خیبر پختونخوا سمیت سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں ریلیف اور بحالی کی سرگرمیوں کو تیز کر دیا گیا۔
ریڈیو پاکستان کے مطابق اس مقصد کیلیے وفاقی وزراء کو براہِ راست ریلیف آپریشنز میں شامل کیا گیا تاکہ متاثرہ عوام کو بروقت اور موثر امداد فراہم کی جا سکے۔
وزیر اعظم شہباز شریف کی ہدایت پر وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام شانگلہ اور بونیر، وفاقی وزیر پاور ڈویژن ضلع بونیر، وفاقی وزیر مذہبی امور سردار یوسف مانسہرہ جبکہ معاون خصوصی مبارک زیب ضلع باجوڑ میں امدادی سامان کی تقسیم اور نگرانی کیلیے موجود ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: سیلاب زدہ علاقوں میں پاک فوج کی امدادی سرگرمیاں جاری
گزشتہ روز بھی انجینئر امیر مقام نے وزیر اعظم شہباز شریف کی ہدایت پر پورا دن متاثرہ اضلاع میں گزارا اور امدادی سرگرمیوں کی براہِ راست نگرانی کی۔
این ڈی ایم اے کو وزیر اعظم نے ہدایت دی کہ وہ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اداروں (پی ڈی ایم ایز/جی بی ڈی ایم اے) اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ قریبی رابطے میں رہ کر ریلیف آپریشنز کو مزید مربوط بنائے۔ متاثرہ علاقوں میں امداد کی ترجیحی فہرست کو بھی حتمی شکل دی جا رہی ہے تاکہ ضرورت مند افراد تک بروقت راشن، خیمے اور ادویات پہنچائی جا سکیں۔
شہباز شریف کی ہدایت پر امدادی سامان سے بھرے مزید ٹرک خیبر پختونخوا کے مختلف متاثرہ اضلاع میں روانہ کیے جا رہے ہیں۔ یہ سامان ضلعی انتظامیہ کے سپرد کیا جا رہا ہے تاکہ شفاف انداز میں تقسیم کو یقینی بنایا جا سکے۔
پاک فوج، دیگر ریاستی ادارے اور مختلف این جی اوز بھی ریلیف آپریشنز میں بھرپور حصہ لے رہے ہیں۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے چیئرمین این ڈی ایم اے کو ہدایت کی ہے کہ خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کے ڈیزاسٹر مینجمنٹ اداروں سے مسلسل رابطے میں رہتے ہوئے امدادی سرگرمیوں کو مزید مؤثر بنایا جائے۔
انہوں نے اس مشکل گھڑی میں سیلاب متاثرین کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم سیلاب متاثرہ عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، حکومت ہر ممکن مدد فراہم کرے گی۔