کراچی : خونی ڈمپر نے موٹرسائیکل سوار 2 افراد کو کچل ڈالا

کراچی : خونی ڈمپر نے موٹرسائیکل سوار 2 افراد کو کچل ڈالا

کراچی : خونی ڈمپر نے موٹرسائیکل سوار دو افراد کو کچل ڈالا، حادثہ کا مقدمہ ساکران تھانے میں درج کرلیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں ہیوی ٹریفک سے اموات کا سلسلہ تھم نہ سکا، حب چوکی ساکران روڈ پر ڈمپر کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار دو افراد جاں بحق ہوگئے۔

جاں بحق ہونے والوں کی شناخت یاسین ولد نامعلوم اوربلاول ولدجمن کےنام سے ہوئی تاہم دونوں لاشیں سول اسپتال کراچی منتقل کردی گئیں اور حادثہ کامقدمہ ساکران تھانے میں درج کرلیا ہے۔

یاد رہے چند روز قبل فیڈرل بی ایریا میں تیز رفتار ڈمپر کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار باپ زخمی جبکہ بیٹی اور بیٹا جاں بحق ہوگئے تھے۔

واضح رہے کہ کراچی میں رواں سال کے 7 ماہ کے دوران ٹریفک حادثات میں 536 افراد جان کی بازی ہارے۔ اعداد و شمار کے مطابق اس عرصے میں ٹریفک حادثات میں جاں بحق ہونے والی خواتین کی تعداد 51رہی، جبکہ سڑک پر ہونے والے دیگر حادثات میں جاں بحق ہونے والے بچوں اور بچیوں کی تعداد 68 ہے۔

ٹریفک حادثات سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والوں میں موٹر سائیکل سوار تھے، دوسرے نمبر پر پیدل چلنے والے اور تیسرے نمبر پر دیگر گاڑیوں کے سوار شامل تھے، حادثات میں سب سے زیادہ 274 موٹر سائیکل سوار، پیدل چلنے والے 179 افراد جبکہ دیگر سواریوں کے 83 افراد جاں بحق ہوئے۔