اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کا پاکستان میں سیلاب سے نقصانات پر گہرے دکھ کا اظہار

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کا پاکستان میں سیلاب سے نقصانات پر گہرے دکھ کا اظہار

نیویارک : اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے  پاکستان میں سیلاب سے نقصانات پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔

تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے پاکستان میں حالیہ سیلاب سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

اپنے بیان میں انتونیو گوتریس نے کہا کہ انہیں سیلاب کے باعث قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرا دکھ ہے۔ انہوں نے متاثرہ خاندانوں سے دلی تعزیت کی اور جاں بحق افراد کے لواحقین کے ساتھ اظہار ہمدردی کیا۔

سیکریٹری جنرل نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ مشکل کی اس گھڑی میں پاکستان کے عوام کے ساتھ کھڑا ہے اور متاثرین کی امداد کے لیے عالمی تعاون جاری رکھا جائے گا۔

یاد رہے پاکستان میں حالیہ تباہ کن بارشوں اور فلش فلڈز سے اب تک کم از کم 328 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں، جن میں زیادہ تر خیبر پختونخوا کے رہائشی شامل ہیں۔

مزید پڑھیں : خیبرپختونخوا: این ڈی ایم اے نے 328 اموات کی تصدیق کر دی

بونیر میں شدید بارشوں اور کلاؤڈ برسٹ کے باعث پہاڑوں سے پانی کا ریلہ گھروں پر آ گیا، جس نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی۔

حکام کا کہنا تھا کہ اگرچہ علاقے میں ابتدائی وارننگ سسٹم موجود تھا لیکن بارش کی شدت اتنی غیر معمولی تھی کہ پانی کے ریلے نے رہائشیوں کو سنبھلنے کا موقع ہی نہیں دیا۔

چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان میں موسمیاتی تبدیلی کے باعث موسم کے انداز تیزی سے بدل رہے ہیں۔ ان کے مطابق رواں برس جون سے مون سون کے آغاز کے بعد اب تک ملک میں گزشتہ سال کی نسبت 50 فیصد زیادہ بارشیں ہو چکی ہیں۔