کراچی : بچوں کو اسکول چھوڑ کر واپس آنے والے تاجر کو قتل کردیا گیا

کراچی: بچوں کو اسکول چھوڑ کر واپس آنے والے تاجر کو قتل کردیا گیا

کراچی: اورنگی ٹاؤن میں صبح بچوں کواسکول چھوڑکرواپس آنے والے تاجر کو قتل کردیا گیا ، پولیس کا کہنا ہے کہ بظاہر یہ واقعہ ٹارگٹ کلنگ لگتا ہے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن نمبر 13 میں شاداب گراؤنڈ کے قریب فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔

پولیس نے بتایا کہ مقتول کی شناخت 40 سالہ محمد نعیم کے نام سے ہوئی ہے جو صبح بچوں کو اسکول چھوڑنے کے بعد واپس گھر جا رہا تھا۔

سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ویران سڑک پر دو موٹر سائیکل سوار ملزمان مقتول کا تعاقب کرتے رہے اور قریب آ کر چلتی موٹر سائیکل پر فائرنگ کردی۔

حکام کا کہنا تھا کہ ملزمان نے مقتول کو چار گولیاں ماریں جس سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔

پولیس کے مطابق مقتول کی بائیک، پرس اور موبائل فون سب محفوظ ملے ، کوئی چیزنہیں چھینی گئی ، جس سے بظاہر یہ واقعہ ٹارگٹ کلنگ لگتا ہے۔

حکام نے کہا کہ محمد نعیم بنارسی مارکیٹ میں کپڑے کی دکان چلاتا تھا اور دو بیٹیوں اور ایک بیٹے کا والد تھا۔

پولیس نے واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرکے تحقیقات شروع کردی ہیں جبکہ ملزمان کی تلاش جاری ہے۔