صوابی میں کلاؤڈ برسٹ سے 12 گھر ڈوب گئے، 15 افراد کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات

صوابی میں کلاؤڈ برسٹ

صوابی : داروڑئی گاؤں میں کلاؤڈ برسٹ سےبارہ گھر ڈوب گئے ، جس میں پندرہ افراد کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات ہیں۔

تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخواہ صوابی کے گاؤں داروڑئی میں کلاؤڈ برسٹ کے باعث تباہ کن صورتحال پیدا ہوگئی، جہاں 12 مکانات پانی میں ڈوب گئے۔

ڈپٹی کمشنر نصر اللہ نے بتایا کہ واقعے میں 15 افراد کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، تاہم حتمی تعداد کی تصدیق جاری ہے۔

کلاؤڈ برسٹ کی وجہ سےسیلابی ریلے کا بہاؤ بہت تیز ہے  جبکہ مختلف مقامات پرلینڈ سلائیڈنگ بھی ہوئی۔

دوسری جانب خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں موسلادھار بارشوں کے بعد ندی نالوں میں طغیانی اور سیلابی ریلے آنے سے کئی نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔

صوابی اور قریبی علاقوں میں متعدد مکانات کو نقصان پہنچا جبکہ مارکیٹیں اور سڑکیں بھی پانی میں ڈوب گئیں جبکہ گاڑیاں بہہ جانے کے واقعات بھی رپورٹ ہوئے۔

گدون کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور مکان کی چھت گرنے کی اطلاعات ہیں تاہم متاثرہ علاقوں میں خواتین اور بچے جان بچانے کے لیے گھروں کی چھتوں پر پناہ لینے پر مجبور ہوگئے۔

ضلعی انتظامیہ، پولیس، سول ڈیفنس اور ریسکیو اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچ گئے ہیں ، ہری پور اور مردان سے بھی ریسکیو ٹیموں کو طلب کرلیا گیا ہے جبکہ مقامی رضاکار بھی امدادی کارروائیوں میں حصہ لے رہے ہیں۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اور چیف سیکرٹری نے صورتحال کی نگرانی شروع کردی ہے، جبکہ عوام سے متاثرہ خاندانوں کی مدد کی اپیل کی گئی ہے۔

Weather Updates Pakistan- موسم کی خبریں