کراچی میں ڈکیتی کی بڑی واردات : ڈاکو نجی کمپنی کے عملے سے ڈیڑھ کروڑ روپے لوٹ کر فرار

کراچی میں ڈکیتی کی بڑی واردات : ڈاکو نجی کمپنی کے عملے سے ڈیڑھ کروڑ روپے لوٹ کر فرار

کراچی: کیماڑی فش ہاربر کے قریب نجی کمپنی کے عملے سے مبینہ طور پر ڈیڑھ کروڑ روپے سے زائد رقم چھین لی گئی۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں کیماڑی فش ہاربر کے قریب نجی کمپنی کے عملے سے مبینہ طور پر ڈیڑھ کروڑ روپے کی ڈکیتی کی واردات ہوئی۔

پولیس نے بتایا کہ واردات دو موٹرسائیکلوں پر سوار چھ مسلح ملزمان نے کی،کمپنی کا عملہ بینک سے رقم نکال کر واپس آرہا تھا کہ ڈاکوؤں نے انہیں نشانہ بنایا۔

واردات کے دوران ملزمان سیکیورٹی گارڈ کا اسلحہ بھی چھین کر ساتھ لے گئے، کمپنی اور جس بینک سے رقم نکالی گئی اس میں زیادہ فاصلہ نہیں ہے لوٹ مار کے دوران عملے کے ہمراہ موجود گارڈ نے مزاحمت نہیں جبکہ کمپنی کے باہر پہرہ دینے والے سیکیورٹی گارڈ نے بھی فائرنگ نہیں کی۔

ابتدائی تفتیش میں یہ انکشاف ہوا ہے کہ ملزمان کے پاس کمپنی عملے کے بینک سے رقم نکلوانے سے متعلق مکمل معلومات پہلے سے موجود تھیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واردات کے مقام سے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں جبکہ سی سی ٹی وی فوٹیج کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے، عملے اور سیکیورٹی گارڈز کو شاملِ تفتیش کرلیا گیا ہے۔

حکام کے مطابق بینک سے بھی معلومات حاصل کی جا رہی ہیں کہ عملے نے کتنی رقم نکلوائی تھی، ملزمان کی گرفتاری کے لیے ناکہ بندی کردی گئی ہے اور کرائم سین سے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔

دوسری جانب وزیر داخلہ سندھ نے ایس ایس پی کیماڑی سے ابتدائی تحقیقات کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے ہدایت دی ہے کہ ملزمان کو جلد قانون کی گرفت میں لایا جائے۔